کوہاٹ(نمائندہ جنگ) کوہاٹ میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا،پولیس نے مقدمہ قتل میں نامزد ایک ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے،فائرنگ کا پہلا واقعہ کوہاٹ کے پوش علاقہ کے ڈی اے سیکٹر ون میں پیش آیا جہاں مبینہ ملزمان عامر محمد ولد جان محمد اوراسکے ایک نامعلوم ساتھی نے نامعلوم وجوہات پر جنگل خیل کے رہائشی پندرہ سالہ لڑکے سلمان کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا، واردات کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے لائی گئی جہاں مقتول کے والد محمد امتیاز کی مدعیت میں پولیس تھانہ کے ڈی اے نے ایک نامزد اور ایک نامعلوم ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا،پولیس نے قتل کے اس کیس میں نامزد ملزم عامر محمد کو گرفتارکرکے اسکے قبضے سے آلہ قتل تیس بور پستول بمعہ کارتوس برآمد کرلیا،فائرنگ کا دوسرا واقعہ تھانہ استرزئی سے ملحقہ علاقہ علی زئی میں رونما ہوا جہاں مبینہ ملزم گل حسن نے تکرار کے بعد طیش میں آکر پھوپھی زاد بھائیوں خورشید علی ولد نقاب علی اور بہار علی ولد علی محمد پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں وہ دونوں شدید زخمی ہوگئے جبکہ بعد ازاں ہسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاکر بہار علی راستے میں دم توڑ گیا ،پولیس تھانہ استرزئی نے مجروح خورشید علی کی مدعیت میں فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ قتل اور اقدام قتل کے دفعات کے تحت نامزد ملزم گل حسن کے خلاف درج کرکے اسکی تلاش شروع کردی۔