• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارسدہ واقعہ ، ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ،ریڈ زون عملاً فوج کے حوالے

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد بدھ کو اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ۔ وفاقی دارالحکومت کا ریڈ زون عملاً فوج کی تحویل میں دے دیاگیا، ایوان صدر، وزیراعظم سیکرٹریٹ، وزیراعظم ہائوس، سپریم کورٹ، پارلیمنٹ ہائوس ، ایف بی آر ، سپورٹس کمپلیکس اور گن کلب میں فوجی جوان تعینات کردئیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی اسلام آباد کی طرف سے پولیس ناکوں پر تعینات جوانوں کو دو مسلح افغانیوں کے بارے میں ہائی الرٹ کیا جاتا رہا، سکولوں اورکالجوں پر تعینات نجی کمپنیوں کے گارڈز کوجدید اسلحہ فراہم کیاگیا۔ معمر گارڈز ہٹا کر جوان گارڈز تعینا ت کردئیے گئے ایس ایچ اوز کے مطابق تمام تعلیمی اداروں کے قریب پارکنگ ایریا کو گیٹوں سے دور کردیا گیا ہے ایس ایس پی ساجد کیانی کے حکم کے مطابق سکولوں کے قریب پولیس ناکے قائم کردئیے گئے ہیں جہاں پولیس کمانڈوز اپنے فرائض انجام دیں گے، سٹاف کی ویری فیکشن بھی شروع کردی ہے۔ کوئیک رسپانس فورس پہلے ہی رینجرز کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقے میں گشت پر مامور ہے۔ اسلامی یونیورسٹی، قائد اعظم یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیو رسٹی سمیت ہوٹلوں میں مقیم طلبہ کی مانیٹرنگ تیز کردی گئی ہے۔
تازہ ترین