بارسلونا(شفقت علی رضا) پیپلزپارٹی سپین کے زیر اہتمام بارسلونا کے مرکزی دفتر میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 38 ویں برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت پیپلز پارٹی کے رہنما میاں عبدالرئوف آرائیں نے حاصل کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پیپلزپارٹی سپین کے سابق کوآرڈینیٹر اور سوشلسٹ پارٹی نیشنل کونسل بارسلونا ڈویژن کے نائب صدر حافظ عبدالرزاق صادق نے ادا کئے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو جیسے لیڈر دنیا کی تاریخ میں بہت کم پیدا ہوئے ، ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی پروگرام دیا، غریب طبقے کو حقوق دینے کے ساتھ ساتھ جنگی قیدیوں کی رہائی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی خاطر بائیکاٹ ، سٹوڈنٹس کو مراعات ، روٹی کپڑا اور مکان جیسی سہولیات بھی ذوالفقار علی بھٹو کے احسن اقدام ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے پیپلز پارٹی سپین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد سپین کا دورہ کریں گے۔برسی کی اس تقریب میں پیپلزپارٹی سپین کے سابق صدر عمرفاروق رانجھا،جاوید اقبال گل،اشتیاق چوہدری اور طارق جمال گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی قائدانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور پیپلزپارٹی سپین کے تمام کارکن اور جیالے بلاول بھٹو زرداری سمیت باقی تمام پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کی روح کے ایصال ثواب اور انکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔اس موقع پر چوہدری شاہد لطیف گجر،روبن کھوکھر ،اشرف مغل، حاجی نعیم، عمر نعیم، عدنان شبیر جرال، ضیغم عباس اورچوہدری نعیم نے جئے بھٹو کے نعروں سے ماحول کو گرمائے رکھا۔