اسلام آباد(اے پی پی) وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہپاکستان کے عوام سچ اور جھوٹ، ثابت قدمی اور مفاد پرستی، سیاست اور تجارت کرنے والوں کے درمیان تفریق کریں، سیاست کو بدکرداری اور کرپشن کا ذریعہ بنانے والے سیاست اور جمہوریت دونوں کے لیے زہر قاتل ہیں، ایسے لوگ نہ تو کسی سیاسی پارٹی سے وفا کر سکتے اور نہ ہی کسی اصول یا عوامی مفاد پر کھڑے ہو سکتے ہیں‘ بدقسمتی سے چند سیاسی رہنما اور پارٹیاں سیاست کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے کی روش پر چل نکلی ہیں، نااہلی، کرپشن اور ذاتی مفادات کے تحفظ کے لئے سیاست اور سیاسی اثر و رسوخ کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی روش جاری ہے‘اپنے دورِ اقتدار میں جن کو عوامی فلاح و بہبود کی ایک اینٹ رکھنے کی بھی توفیق نہیں ہوئی وہ دشنام طرازی، بداخلاقی اور جھوٹ کا سہارا لے کر عوام کی خدمت کرنے والوں کی راہ میں روڑے اٹکاتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کااظہارہفتہ کو واہ کینٹ کے بلدیاتی نمائندگان ، مسلم لیگ ن کے اکابرین اور علاقہ معززین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔