• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرہ غازی خان،قبائلی علاقے میں کارروائی،5 دہشتگرد ہلاک،سپاہی شہید

ڈیرہ غازیخان، راولپنڈی ، کوئٹہ ،ایبٹ آباد (نمائندہ جنگ ،ایجنسیاں) ڈیرہ غازیخان کے قبائلی علاقے میں کارروائی، 5دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز زخمی  ہوگیا جبکہ ملتان  اور پشاور میں 3،3دہشتگردگرفتار،کوئٹہ میں بارود بھری گاڑی پکڑی گئی ،ایبٹ آباد میں 22مارٹر گولے ،اسلحہ برآمد ،اسلام آباد،کراچی ،لودھراں ،میاں چنوں میں سرچ آپریشن  کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پنجاب رینجرز نے ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی کامران شہید ہو گیا۔ آپریشن کے دوران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز ہارون زخمی ہو گیا جسے سی ایم ایچ ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔شہید ہونے والے رینجرز اہلکار محمد کامران کی نماز جنازہ ملتان گیریژن میں ادا کر دی گئی ، نماز جنازہ میں کور کمانڈر ملتان لیفٹینٹ جنرل سرفراز ستار اور ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات سمیت پاک فوج اور رینجرز کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ،جبکہ جسد خاکی  کو اس کے آبائی علاقہ جڑانوالہ روانہ کر دیا گیا ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے محمد کامران کی صرف25روز قبل شادی ہوئی تھی ، جبکہ مارے جانیوالے پانچ مبینہ دہشت گردوں میں سے دو دہشت گرد وں کے ناموں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ، جن میں ذوالفقار عرف ذولفی جس پر 7مقدمات جبکہ دوسرادہشت گرد پیر بخش عرف پیرا 15مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کے سر کی قیمت 20لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی ، مارے جانیوالے دہشت گردذوالفقار کا تعلق بی ایل اے حربیار گروپ سے تھاعلاوہ ازیں ملتان میں سرچ آپریشن کے دوران 3دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔   دوسری جانب پشاور پولیس نے شمالی بائی پاس سے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد  سڑک کے کنارے دھماکا خیز موادنصب کر رہے تھے پولیس نے رنگے ہاتھوںگرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں عبدالوہاب، سردار ابراہیم اور سیف اللہ شامل ہیں۔ دہشت گردو ں سے پانچ کلو دھماکا خیز مواد، 3 پسٹلز اور 24 گولیاں بر آمد ہوئی ہیں۔ ادھربھکر میں حیدر آباد تھل اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا اور 27 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ لودھراں میں صدر کے علاقے بستی راجہ پور میں پولیس اور حساس اداروں نے کارروائی کے دوران 28 سے زائد گھروں کی تلاشی لی اور 56 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔اس دوران 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا،جن سے 3 مشکوک موٹرسائیکلیں اور منشیات بھی برآمد ہوئی۔ اسلام آباد کے تھانہ سہالہ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران 210 گھروں کی تلاشی لی گئی۔ 370 افراد کو چیک کیا گیا۔ دو  رائفل ایک گن، 3  پستول برآمد ہوئے۔ کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا ہے اور 15 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔آپریشن کے دوران ایک پستول اور منشیات بھی برآمد ہوئی میاں چنوں  میں تھانہ صدر پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران نواحی گاؤں 133سول ایل میں بائیس گھروں کی مکمل تلاشی لی اور 59 افراد کی چیکنگ اور بائیو میٹرک تصدیق کی اور چار افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ اور چار سولیٹر سے زائد شرآب برآمد کی ،اورملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے حوالا ت میں بند کر دیا ۔کوہاٹ انڈس ہائی وے مسلم آباد چیک پوسٹ پر بس کے خفیہ خانوں  سے بڑی تعدادمیں اسلحہ و ایمونیشن برآمد کرکے بین الاضلاعی سمگلر محمد نبی ولد نیک محمد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ہتھیاروں کی بھاری کھیپ  پشاور سے بنوں اور بعد ازاں وزیرستان ایجنسی سمگل کی جارہی تھی۔ اسلحہ میں 16 پمپ ایکشن ریپٹرز،3500کارتوس ،16 بندوق کے بیرل،16 ایکشن پمپ،5 پلاسٹک کٹ اور اسلحہ کے دیگر پرزہ جات شامل ہیں۔ادھرپولیس نے ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں سر چ آپریشن کرتے ہوئے 22مارٹرگولوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد کر لیا۔
تازہ ترین