ملتان (سٹاف رپورٹر)اینٹی کرپشن حکام نے ملتان اور بہاولپور میں سرگرم جعلی افسروں کا چار رکنی گینگ گرفتار کرلیا ہے۔ چار رکنی گینگ کے ارکان ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بن کر واپڈا افسران کو فون پر بلیک میل کرتے اوربھاری رقم بٹورتے رہے۔ ملزمان نے واپڈا کے 5 ایکسئین صاحبان کو ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بن کر فون کئے اور رقم کا مطالبہ کیا۔ واپڈا افسران نے ایزی لوڈ کے ذریعے ہزاروں روپے کی رقوم بھی ملزمان کو پہنچائیں۔ معاملہ اینٹی کرپشن پنجاب کے نوٹس میں آیا تو ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان نے پانچوں ایکسئین صاحبان کومزید رقم دینے سے منع کردیا اور ملزمان کے موبائل نمبروں کو ٹریس کرکے محمد ریاست کو بورے والا، محمد رزاق کو بہاولنگر، علی نواز کو پاکپتن اورنور علی کو خانیوال سے گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے ۔سرکل افسراینٹی کرپشن لیہ نے زکوۃ اوربیت المال کی رقوم میں 20 لاکھ روپے کی کرپشن پر سوشل میڈیکل افسر لیہ احمد نواز کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم احمد نواز نے بھاری رقوم لے کر صحت مند افرادکوجعلی معذوری سرٹیفکیٹ بھی جاری کئے۔ سرکل افسر اینٹی کرپشن میانوالی نے جوڈیشل مجسٹریٹ علی حسن وڑائچ کی سرکردگی میں چھاپہ مار کرڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس میانوالی کے کلرک خورشید کو ریٹائرڈ ٹیچرنوازخان سے 10 ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا۔ سرکل افسر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ہیڈ کوارٹرز عامر حسین سندھو نے سپیشل جج کی سرکردگی میں چھاپہ مار کر تھانہ اروپ گوجرانوالہ کے اے ایس آئی محمد یوسف کو فراڈ کے مقدمے میں بیان ریکارڈ کرانے کیلئے مقامی شہری رانا یاسین سے 5 ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا ہے۔ سرکل افسر اینٹی کرپشن عبدالقیوم نے مجسٹریٹ ایم عرفان کی سرکردگی میں چھاپہ مار کر چشتیاں سے پٹواری محمد اکرم کو 10 ہزارروپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتارکرکے حوالات میں بند کردیا ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب بریگیڈئیر (ریٹائرڈ) مظفر علی رانجھا نے اینٹی کرپشن کے متعلقہ تفتیشی افسران اور ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ کرپشن کی پاداش میں پکڑے جانے والے ملزمان کو کڑی سزائیں دلوائی جائیں اور تفتیشی مراحل جلد مکمل کرکے چالان فوری طور پر اینٹی کرپشن عدالتوں میں بھجوائے جائیں۔