ملتان(سٹاف رپورٹر) پاکستان ریلوے نے مُلک کے 14اہم ریلوے سٹیشنوں پر خود کار زینے لگانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے ،ان سٹیشنوں میں ملتان،کراچی، حیدرآباد، روہڑی، بہاولپور، رائیونڈ، لاہور، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، ساہیوال، اوکاڑہ، خانیوال اور فیصل آباد سٹیشن شامل ہیں،مذکورہ منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لئے حکومت کو بھیج دیا گیا ہے،علاوہ ازیں ریلوے سٹیشنوں پر خود کار زینوں کے ساتھ لفٹ بھی لگائی جائیں گی اور بیس فٹ چوڑے پُل بھی تعمیر کئے جائیں گے ،دریں اثنا چیف ایگزیکٹیو آفسر ریلوے محمد جاوید انور نے ریلوے اسٹیشنوں پر معذور مسافروں کے لئے وہیل چیئر کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے، انہوں نے کہاکہ ریلوے سٹیشنوں پر کم از کم تین وہیل چیئرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور جہاں وہیل چیئرز خراب ہیں یا ان کی تعداد کم ہے ، انہیں درست اور مکمل کیا جائے، چیف پراجیکٹ اینڈ پلاننگ آفیسر ظہورالحق خٹک وہیل چیئرز منصوبے کی نگرانی کریں گے۔