راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی اسلام آباد کی ریونیو حدود کے تعین کیلئےجڑواں شہروں کی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا۔جس میں راولپنڈی اسلام آباد کی باونڈری پر واقع مواضعات کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ادھر محکمہ مال راولپنڈی نے اپنے45میں سے 34مواضعات کا بندوبست کرلیا ہے۔جبکہ بار بار طلب کرنے کے باوجود اسلام آباد کی انتظامیہ نے اپنے گیارہ مواضعات کا ریکارڈ محکمہ مال راولپنڈی کو فراہم نہیں کیا ہے۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن بھی کئی بار ڈیڈ لائن دے چکے ہیں لیکن جڑواں شہروں کا بندوبست مکمل نہیں ہوپا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد کی تقسیم میں45مواضعات ہیں جن کا بندوبست ہونا ہے۔ چار ٹیکسلا،تین کوٹلی ستیاں،تین مری اور 35راولپنڈی اسلام آباد کے درمیان منقسم ہیں۔جن میں کوٹھ کلاں،سہام،چوہڑ ہڑپال،راجڑ،کھنہ ڈاک،تخت پڑی،شکریال،مری روڈ،فیض آباد،گلشن دادن خان،شمس آباد،پنڈورہ،سید پور چونگی اور دیگر شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ مال راولپنڈی نے 34مواضعات حتمی نوٹیفکیشن کیلئے بورڈ آف ریونیو کو بھجوانے کا فیصلہ کیاہے۔جبکہ گیارہ باقی رہنے والے مواضعات کا بندوبست وفاقی دارالحکومت کے محکمہ مال کے ساتھ ملکر ہوگا۔جڑواں شہروں کا بندوبست نہ ہونے سے کئی انتظامی اور دیگر امور میں راولپنڈی اسلام آباد کی انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔