• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پہلے ون ڈے میچ میں بری طرح شکست کھانے کے بعد سرفراز احمد کی زیر قیادت پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرا اور تیسرا میچ بڑے مارجن سے جیت کر ویسٹ انڈیز سے نہ صرف سیریز جیت لی ہے بلکہ عالمی رینکنگ میں 8ویں پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے ورلڈکپ کے لئے بھی کوالی فائی کر لیا ہے۔ گیانا کے پراویڈینس سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کی اور مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں پر233رنز بنائے۔ پاکستان نے سینئر کھلاڑیوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 234رنز کا ہدف چوالیسویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ سابق کپتان شعیب ملک نے 10چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے101رنز بنائے جو ون ڈے کرکٹ میں ان کی 9ویں سنچری ہے۔ انہیں مین آف دی میچ کے ساتھ مین آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا۔ ایک اور سابق کپتان محمد حفیظ نے ان کا پورا ساتھ دیا اور 8چوکوں اور 2چھکوں کی مددسے 81رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کا شاندار کم بیک جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کی بار آور کمبینیشن کا نتیجہ ہے۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سینئر کھلاڑیوں کو باہرکرنے کی بجائے ابھرتے ہوئے جونیئر کھلاڑیوں کے ساتھ کارکردگی کی بنیاد پر شامل رکھا جائے تو ٹیم زیادہ اچھے نتائج دے سکتی ہے، ٹیم کی کامیابی جہاں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کا نتیجہ ہے وہاں کپتان سرفراز احمد کی سوجھ بوجھ اور دلیرانہ فیصلوں کا بھی اس میںکافی عمل دخل ہے۔ سرفراز اپنے پیشرو ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کی طرح ایک کامیاب اورقسمت کے دھنی قائدہیں۔ پہلے انہوں نے ٹی ٹوئنٹی اور اب ون ڈے سیریز بھی پاکستان کے نام کرنے میں جرأت مندانہ کردار ادا کیا۔ توقع کی جانی چاہئے کہ مصباح کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز بھی جیت کر ویسٹ انڈیز سے فتح کے جھنڈے لہراتے ہوئے واپس وطن آئے گی۔

.
تازہ ترین