• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصفہ بھٹو کی خورشید شاہ کومعذرت کرنے کی ہدایت

Asifa Bhutto Directs Khursheed Shah To Apologize
اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کو قومی اسمبلی میں خواتین سے متعلق مذاق میں جملے ادا کرنا مہنگا پڑ گیا۔

سابق صدر آصف زرداری کی صاحب زادی آصفہ بھٹو نے خورشید شاہ کومعذرت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے بارے میں نامناسب جملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

سندھ میں طویل لوڈ شیڈنگ کا قومی اسمبلی میں مقدمہ لڑنے والے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے بیان کے دوران ایوان میں خواتین کی آوازیں زیادہ بلند ہوئیں تو اسپیکر سردار ایاز صادق نے خواتین ارکان سے کہا کہ وہ باتیں نہ کریں اور اگر باتیں کرنی ہی ہیں تو باہر جا کر کر لیں۔

اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے ازراہٍ مذاق کہا کہ اسپیکر صاحب! آپ خواتین کوباتیں کرنے سے منع نہ کیا کریں، ورنہ وہ بیمار ہو جائیں گی۔

خورشید شاہ کے جملے پہ ایوان میں قہقہے بلند ہو گئے جبکہ کچھ خواتین ارکان نے بھی جملے کسے۔

خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ان کو بولنے سے منع کیا تو ہمارے لئے عذاب بنے گا۔

اس پر اسپیکر نے کہا کہ شاہ صاحب اپنے گھر کا تجربہ بتا رہے ہیں۔

قومی اسمبلی میں ہلکے پھلکے انداز میں ہونے والی یہ گفتگو آصفہ بھٹو کو ہرگز نہ بھائی اورپارٹی کے سینئر رہنما خورشیدشاہ کے جملوں کو نامناسب قرار دے دیا اور کہا کہ ایسا کئی بار ہوچکا،ایسے جملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ معاشرے کے لیے ایک نمونہ ہے اور اگر خواتین کے خلاف پارلیمنٹ میں ایسے جملے ادا کیے جاتے رہے تو اس کی عکاسی معاشرےمیں بھی ہوگی۔

آصفہ بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈرکو معذرت کر نے کی ترغیب بھی دے ڈالی ۔
تازہ ترین