کراچی ‘اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر‘ ایجنسیاں) پیپلز پارٹی نے کہاہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارنے سانحہ چارسدہ کی مذمت میں ایک لفظ تک نہیں کہاہے ‘چوہدری نثارکے رویے کی وجہ سے وزیراعظم نوازشریف پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں ‘وفاقی وزیر کو ان کے عہدے سے ہٹایاجائے۔جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرسید خورشیدشاہ نے کہاکہ چارسدہ سانحہ پرچوہدری نثار کی جانب سے مذمت بھی نہیں کی گئی‘حکیم اللہ محسود کی موت پر رونے والے کو ابھی تک اس کا افسوس ہے‘ وزیر داخلہ کے رویے کی وجہ سے انگلیاں وزیر اعظم پر اٹھ رہی ہے‘ اس لیے ضروری ہے کہ میاںنواز شریف چوہدری نثار کو عہدے سے ہٹائیں۔ادھر کراچی میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے صوبائی مشیراطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی سیکورٹی پالیسی بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کو گھر چلے جانا چاہئے ‘ خدا نخواستہ اگر اس قسم کا دہشت گرد حملہ سندھ میں ہوتا تو فوری طور پر وزیر اعلیٰ کو ہٹانے کی بات کرکے جمہوری بساط کو لپیٹنے کی کوشش کی جاتی ۔