مردان (نمائندہ جنگ ) مردان کے تاجر سے پشاور کے علاقہ پہاڑی پورہ میں گن پوائنٹ پر 56لاکھ رقم لوٹ لی گئی ،ڈاکوؤں نے تاجر کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر گاڑی کے شیشے توڑ ڈالے ،پولیس مقدمے کے اندراج سے انکاری ہوگئی۔ پارہوتی کے علاقہ حافظ آباد کے رہائشی وجیہ اللہ نے مردان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپنے والد عبدا لباسط کے ہمراہ پشاور سے مردان اپنی گاڑی میں کاروبار کے سلسلے میں واپس جارہا تھا کہ پہاڑی پورہ کے علاقے میں دو نقاب پوش موٹر سائیکل سوار وں نے گن پوائنٹ پر گاڑی کو زبردستی روکا اور گاڑی کے شیشے توڑتے ہوئے میری آنکھوں میں سرخ مرچیں ڈالیں اورگاڑی کی پچھلی سیٹ پر پڑے بیگ کو زبردستی چھین کر فرار ہوگئے جس میں 56لاکھ روپے موجود تھے ۔ ایمرجنسی پولیس کو فون کرکے بتایا جو واقعہ کے تقریبا 25منٹ بعد پہنچی ۔جائے وقوعہ کو دیکھنے کے بعد متعلقہ ایس ایچ اور ہمیں تھانہ لے گیا اسی دوران ایس پی اور ڈی ایس پی بھی تھانہ پہنچ گئے اور الٹا ہمیں کہاگیا کہ یہ آپ کا تیار کردہ پلان ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور ڈائریکٹر ہیومن رائٹس پشاور سے اپیل ہے کہ پہاڑی پورہ کے ایس ایچ او ، ڈی ایس پی اور ایس پی اور پولیس کے خلاف کاروائی کی جائے اور ہمیں انصاف دلایا جائے۔