ہوسٹن (این این آئی)نوعمر پاکستانی کھلاڑی حذیفہ نے اسکواش میں بڑی کامیابی حاصل کرکے روشن مستقبل کی امید سنادی۔ محمد حذیفہ ابراہیم نے انڈر13 ہوسٹن جونیئر انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2017 کے فائنل میں بھارتی نژاد امریکی کھلاڑی کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔امریکا کے شہر ہوسٹن میں کھیلی گئی چیمپئن شپ کے فائنل میں حذیفہ نے بھارتی کے روہیل باتھیجا کو 3-2 سے زیر کر کے ٹرافی حاصل کرلی۔ حذیفہ اور روہیل باتھیجا کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا تاہم پاکستانی کم سن کھلاڑی نے مخالف کھلاڑی کو 11-1، 4-11، 11-7، 9-11 اور 13-11 سے زیر کرلیا۔ خیال رہے کہہ حذیفہ کی بین الاقوامی سطح پر یہ ساتویں بڑی کامیابی ہے اور اب تک 7 ٹرافی جیت چکے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ اسکواش کے حوالے سے بڑی روشن ہے جہاں جہانگیر خان اور جان شیر خان نے 80 اور 90 کی دہائی میں دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔