لندن (جنگ نیوز) پاکستان کمیونٹی سینٹر ولزڈن گرین کے چیئرمین طارق ڈار نے اسلام آباد ائرپورٹ پر اے ایس ایف کی خاتون اہلکاروں کے ہاتھوں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یقین نہیں آتا کہ آج کے دور میں اس قسم کا شرمناک واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کو کڑی سزا دلائیں۔ واقعہ کی ویڈیو عام ہونے کے بعد دیکھا جا سکتا ہے کہ وطن لوٹنے والے پاکستانیوں کے ساتھ ائرپورٹ پر کیا سلوک روا رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات پہلے بھی پیش آچکے ہیں لیکن اس مرتبہ اس کی تشہیر ہونے کے سبب اسے زیادہ توجہ حاصل ہوگئی ہے۔ طارق ڈار نے کہا کہ حکومت یہ بات کہتے نہیں تھکتی کہ ملک میں34بلین ڈالر کے سی پیک کے منصوبے سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی لیکن جو اوورسیز پاکستان سالانہ تقریباً20بلین ڈالر کا زرمبادلہ ملک کو فراہم کرتے ہیں ان کے ساتھ تو بہتر سلوک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ تشدد کا واقعہ دیکھ کر ان کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے وزیربھی اس حوالے سے اب تک خاموش ہیں ان کے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران ان کے سامنے جو مسائل رکھے گئے ان کے حل کے حوالےسے بھی کوئی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ائرپورٹ پر اس قسم کے واقعات پیش آتے رہے اور وطن آنے والوں کے ساتھ ناروا سلوک جاری رہا تو آہستہ آہستہ پاکستانی اپنے وطن جانا چھوڑ دیں گے اور خاص طور پر نئی نسل ایسے وقعات کے بعد بھلا کیسے وطن کا رخ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نادان اس شاخ کو کاٹنے میں مصروف ہیں جس پر وہ خود بیٹھے ہوئے ہیں۔