وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹے الزامات لے کر سپریم کورٹ گئے تھے، وزیراعظم کا مینڈیٹ عوام کی امانت ہے، ضمنی انتخابات میں عوام نے جواب دے دیا ہے، عوام کی آواز سنیں،جو وزیر اعظم کو اعتماد دیتے ہیں ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو لوگ جے آئی ٹی کو مسترد کررہے ہیں اس کے پیچھے ایک سوچ ہے، وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کی مقبول ترین شخصیت ہیں ، مسلم لیگ ن نے پاکستان کی تاریخ میں وہ کام کیا جو کسی نے نہ کیا، سیاسی تنہائی کسی مقصد کی وجہ سے آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صنعتوں کی ترقی وزیراعظم نوازشریف کی ترجیح ہے، سی پیک کو پوری دنیا اس خطے کے لیے گیم چینجر کا نام دے رہی ہے، سی پیک ایک روٹ کی بات نہیں 65 ممالک کو ملانے کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرمگر اب ختم ہونا چاہئے،جشن وزیراعظم کے سرخروہونے کا ہے، میڈیا سے درخواست ہے قیاس آرائی کے بجائے حقائق پر بات کریں، اگر جارحانہ سیاست ختم نہ ہوئی تو مردان اور سیالکوٹ جیسے واقعات ہوں گے۔