کراچی (ثاقب صغیر /\ اسٹاف رپورٹر)حیدر آباد کے شہریوں کے لئے ڈرائیونگ لائسنس کا جدید ترین نظام متعارف کروا دیا گیا،جدید ترین نظام کے ذریعے جعلی لائسنس کی روک تھام اور ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ہو گا۔تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں واقع ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں ڈرائیونگ لائسنس کا جدید ترین نظام متعارف کروا دیا گیا۔ جدید نظام کی بدولت لرنر لائسنس کا حصول پانچ منٹ ،رینوول پندرہ سے بیس منٹ اور مستقل لائسنس کا حصول چالیس منٹ میں ممکن ہو سکے گا۔ اس سسٹم میں نیا جدید ترین سافٹ ویئر ،نیاڈیزائن کردہ کارڈ ،ڈیپارٹمنٹ کا نیا لوگو،ایس ایم ایس سروس ،کیومیٹک سروس،فیڈ بیک سروس،نئی اور مکمل معلوماتی ویب سائٹ ،آن لائن رجسٹریشن کی سہولت، سینٹرلائزڈ کارڈ پرنٹنگ اور ترسیل،اور عوام کی سہولت کے لئے موبائل یونٹ متعارف کروایا گیا ہے ۔ڈی آئی جی ڈارئیونگ لائسنس مظہر نواز شیخ نے بتایا کہ لرننگ ،انٹرنیشنل اور مستقل ڈارئیونگ لائسنس کے لئے علیحدہ ہال اور زیادہ کاؤنٹر بنائے گئے ہیں جسکی وجہ سے شہری کسی پریشانی کے بغیر اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں گے۔مظہر نواز شیخ نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے لئے نئی موبائل ایپ بھی بنائی گئی ہے جسکے ذریعے کوئی بھی شہری اپنے ڈرائیونگ لائسنس کا اسٹیٹس،تصدیق،پرانے ڈرائیونگ لائسنس کی معلومات ،لائسنس فیس ،نئے لائسنس کے حصول کی تیاری اور دیگر معلومات اپنے موبائل فون کے ذریعے اسی وقت حاصل کر سکتا ہے جبکہ آن لائن شکایات کا جدید نظام اور پیپر لیس انوائرمنٹ اس نظام کی مزید خوبیوں میں سے ایک ہیں،انہوں نے بتایا کہ ایس ایم ایس سروس کے ذریعے لائسنس کی تیاری کے مرحلے سے متعلقہ فرد کو اسکے موبائل فون پر بر وقت آگاہی دی جائے گی جبکہ کیومیٹک سروس کے ذریعے تما م شہریوں کو اپنے نمبر پر یکساں اہمیت دی جائے گی،انہوں نے بتایا کہ آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے لائسنس کا حصول اب اور بھی آسان ہو سکے گا۔