کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) بھارت کی ویزوں کے اجرا میں ٹال مٹول کے سبب پاکستان کی ایشین اسکواش چیمپئن شپ شرکت بھی دشوار ہوگئی۔کھلاڑیوں کے ویزوں کے حصول کیلئے کی جانی والی کوششیں جمعے کی شام تک کامیاب نہیں ہوسکی تھیں۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری ونگ کمانڈر طاہر سلطان کے مطابق پیر کو آخری کوشش کریں گے اگر کچھ نہیں ہوسکا تو پھر انٹرنیشنل اسکواش فیڈریشن کو خط لکھ کر بھارت کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایشین اسکواش چیمپئن شپ 26اپریل سے چنئی میں شروع ہورہی ہے۔شرکت کیلیے پاکستانی ٹیم کو 24 اپریل کو روانہ ہونا ہے لیکن بھی تک بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے ویزے جاری نہیں کیے گئے ہیں ۔ ہم نے17 مارچ کو اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن میں درخواستیں جمع کروائی تھی لیکن جمعہ کے روز جواب دیا گیا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے تاحال پلیئرز کی سیکورٹی کلیئرنس نہیں آئی ہے۔ بھارت کا پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی کلیئرنس نہ دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی جانب سے فرحان محبوب، فرحان زمان، طیب اسلم اور وقار محبوب کو شرکت کرنا تھی ۔ کھلاڑیوں کی تیاری دیکھ کر میں پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر ہمیں ایونٹ میں شرکت کا موقع ملا تو پاکستان کو کامیابی سے کوئی روک نہیں سکے گا۔