راولپنڈی، لاہور (نیوز ایجنسیاں) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی میں جواب وزیراعظم اور ان کی فیملی نے دینا ہے لیکن تکلیف تحریک انصاف کو ہو رہی ہے، آئینی سوالات پرعمران کی جانب سے راہ فرار اختیار کی جا رہی ہے ، پیپلزپارٹی کی کرپشن کا گند ہم آج تک صاف کر رہے ہیں۔گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاناما کی آڑ میں جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے ،انارکی پھیلانے کے درپے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے، جبکہ حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پاناما کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان نے خوشی خوشی مٹھائی کھائی لیکن اگلے روز فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا۔ مریم اورنگزیب نے راولپنڈی میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک آئینی ادارے کے حوالے سے اعتزاز احسن کے بیان کی مذمت کرتی ہوں، وزیراعظم ،شریف فیملی اوروزیراعظم کے بچے عدالت میں سرخروہوئے ۔عمران خان کا خیال تھا کہ وزیراعظم 3نسلوں کا جواب نہیں دے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ کمیشن وہی بنا جو وزیراعظم نے بنانے کو کہا تھا،انہوں نےسپریم کورٹ کوجے آئی ٹی بنانےکاخط ایک سال پہلے ہی لکھا تھا۔ وزیر اعظم کی جانب سےدستیاب تمام دستاویزات اور ریکارڈ عدالت میں جمع کرایا گیا ، سپریم کورٹ نے تینوں پٹیشنز مسترد کردیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن دھاندلی کافیصلہ آیاتو عمران خان نےرونا شروع کردیا۔ پاناما لیکس کےبعدان کوایک اور سیاسی بیساکھی ملی۔وہ دھرنا کرتے ہیں اوراداروں کی تضحیک کرتے ہیں،اوئے کی سیاست اورآئینی اداروں کو متاثر کرنے کی سیاست ختم ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیامت کی نشانی ہےکرپشن پربات اورکرپشن کاعلم پیپلزپارٹی نےاٹھایا ہوا ہے۔