قصور(نمائندہ جنگ)چھانگا مانگا روڈ موضع ڈوبہ کے قریب ٹائر پھٹنے سے مسافروں سے بھری ویگن بی ایس لنک نہر میں گرگئی ۔ جس کے نتیجے میں 4 خواتین اور ایک بچے سمیت 13افراد جاں بحق اور10دید زخمی ہو گئے ۔ ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق حادثہ تیزرفتاری اور ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا،ریسکیو1122کے عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمی افراد کوفرسٹ ایڈ دینے کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔ ڈی پی او کے مطابق مسافروں سے بھری ٹیوٹا ہائی ایس ویگن چھانگا مانگا سے پتوکی جارہی تھی کہ بی ایس لنک نہر کے قریب ٹائر پھٹنے سے وین بے قابو ہوکر پل سے ٹکراتے ہوئے نیچے نہر میں جاگری جس کے نتیجے میں وین میں سوار مسافرشہزاد،عبدلمنان،اکبر علی،محمد حنیف،سلامت علی،عارف علی،برکت بی بی سمیت تیرہ افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دس افراد شدید زخمی ہو گئے۔