کراچی (ٹی وی رپورٹ) درجنوں میچ وننگ اننگز کھیلی ، سب سے زیادہ سینچریاں بنائیں ، اب 10 ہزار رنز بھی بناڈالے ۔ یونس خان پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے بیٹسمین ہیں ناقدین بھی ماننے پر مجبور ہیں یہ کہنا تھا جیو نیوز کے مقبول ترین مارننگ شو ’’جیو پاکستان ‘‘ کا آغاز کرتے ہوئے میزبان عبداللہ سلطان اور ہما امیر شاہ کا ، پروگرام کی ابتدا میں پنجاب اور کے پی کے میں خوشگواربرستے موسم کا ذکر جہاں دونوں میزبانوں نے انتہائی خوشگوار موڈ میں کیا وہیں کراچی میں بڑھتا ہوا ہیٹ اسٹروک پر دوران گفتگو دونوں ہی گرمی کا شکار نظر آئے ۔ یونس خان کے ٹیسٹ کرکٹ میں10ہزار رنز پر بات کرتے ہوئے عبداللہ سلطان اور ہما امیر شاہ کا کہنا تھا کہ یونس خان پاکستان کے پہلے بیٹسمین ہیں جنہوں نے 10 ہزار رنز مکمل کئے جبکہ دنیائے کرکٹ میں بھارتی لیجنڈ بیٹسمین سچن ٹنڈولکر15 ہزار 921رنز بنا کر سب سے اوپرہیں ۔ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ کی 140 سالہ تاریخ میں 13ویں کھلاڑی ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کے معروف سابق بیٹسمین رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ روز روز ایسی تاریخ نہیں بنتی ہے یہ تاریخی لمحہ ہے ، یونس ایک گریٹ رول ماڈل رہے ہیں، سابق فاسٹ بالر شعیب اختر کا کہنا تھا کہ یونس اصل اسٹار ہیں ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ۔جیو پاکستان کی جانب سے بھی یونس خان کو خراج تحسین پیش کیا گیا او رمبارک باد پیش کرتے ہوئے عبداللہ سلطان کا کہنا تھاکہ آپ حقیقی سپر اسٹار ہیں اور ہمیں بھی آپ پر فخر ہے۔اس موقع پر یونس خان کی جانب سے جاری کردہ وڈیو پیغام بھی سنوایا گیا جس میں انہوں نے اس کامیابی کا کریڈٹ اپنے والدین اور اہل خانہ اور سابق کوچ باب ولمر کو دیا ہے ۔پروگرام میں یونس خان کو ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے دی جانے والی مبارک باد کے ٹوئٹ بھی دکھائے گئے ۔ پروگرام میں فٹ بال کے عظیم کھلاڑی میسی کی ایک اور یادگار پرفارمنس کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ارجنٹینا کے اس کھلاڑی نے عالمی فٹ بال کے ایک بڑے مقابلے میںاپنی صلاحیتوںکا جادو دکھادیا اور ریال میڈرڈ سے آخری لمحات میں میسی نے جیت چھین لی اور بارسلونا نے ریال میڈرڈ کو میسی کے شاندار گول کی بدولت ہرادیا ۔ پروگرام میں عبداللہ سلطان نے بتایا کہ کراچی یونائٹیڈ کی فٹ بال ٹیم کے لئے باہر سے کوچز آئے ہوئے ہیں جو ان خواتین کو ٹرینڈ کررہے ہیں اوردلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان میں فٹ بال کا ٹیلنٹ دیکھ کر جرمنی سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی کوچز بھی حیران ہیں اس موقع پر انہوں نے ناظرین کی دلچسپی کے لئے کیمپ کے کئے گئے دورے کی وڈیو بھی دکھائی عبداللہ سلطان نے بتایا کہ جرمنی سے یہ کوچز کراچی یونائٹیڈ کی دعوت پر دس روزہ دورے پر آئے ہیں اس موقع پر جرمن خاتون کوچ ڈین نے بتایا کہ مجھے ان لڑکیوں میں ٹیلنٹ نظر آیا ہے ، لڑکیاں بہت اچھا کھیل پیش کررہی ہیں ،فٹ بال کی ترقی کے لئے ان لڑکیوں کو بھی آگے آنا چاہئے اور اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کرنا چاہئے ۔ مرد کوچ اولیور نے عبداللہ سلطان سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے اس دورے اور تجربے کو خوشگوار قرار دیا اور بتایا کہ ہم مختلف گروپس میں ٹریننگ دے رہے ہیں لڑکیوں کی کوچنگ ہورہی ہے جبکہ ہم نے بچوں کے لئے بھی ایک علیحدہ گروپ بنایا ہے انہوں نے لڑکے اور لڑکیوں میں کون زیادہ ٹیلنٹڈ ہے کے جواب میں کہا کہ میرے خیال میں کوئی موازنہ نہیں کیاجاسکتا ، یہاں سب ہی بہت اچھا کھیل رہے ہیں میں تو یہ کہوں گا کہ جرمنی سے زیادہ اچھے کھلاڑی یہاں ہیں ۔ ٹریبیوٹ میں دونوںمیزبانوں نے پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ہدایت کار حسن طارق کو ان کی 35 ویں برسی پر یاد کرتے ہوئے بتایا کہ حسن طارق وہ ہدایت کار ہیں جن کی بنائی گئی ہر فلم کامیاب گئی ہے ، حسن طارق 1927ء میں امرتسر میں پیدا ہوئے ،نیند بطور ہدایت کار پہلی فلم تھی ، 40 کے قریب فلموں کی ہدایات دیں ۔ امرائو جان ادا ، دیوبھابھی ، ثریا بھوپالی ، تہذیب یادگار فلمیں ہیں ۔ فلم بہن بھائی ، انجمن اور سنگدل پر نگار ایوارڈ ملا ۔ انہوں نے اداکارہ نگہت سلطانہ اور اداکارہ رانی سے شادی کی ۔ 24 اپریل 1982ء کو لاہور میں انتقال ہوا ۔پاکستان فلم انڈسٹری کے ایک اورہدایت کار شریف نیر کو ان کی 10 ویں برسی پر ٹریبیوٹ پیش کرتے ہوئے دونوں میزبانوں کا کہنا تھا کہ شریف نیر 19 اگست 1922 کو لاہور میں پیدا ہوئے ، 1945 میں فلم لیلیٰ مجنوں سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور صرف 11 فلموں کی ہدایت دی ’’یادگار‘‘ ان کی بطور ہدایت کار پہلی فلم تھی ۔ فلم بھیگی پلکیں سے پاکستانی کیریئر کا آغاز کیا ۔ محفل ، عشق پر زور نہیں ، نائلہ ، لاڈو ، ناز ، دوستی یادگار فلمیں ہیں ۔ نائلہ اور دوستی پر نگار ایوارڈ حاصل کئے دوستی پر انہیں 8 نگار ایوارڈز ملے ۔ فلمساز اور اداکار اعجاز درانی ان کے داماد تھے ۔ 24 اپریل 2007 کو لاہور میں انتقال ہوا ۔ دیار غیر سے ملنے والی ایک اچھی خبر سناتے ہوئے عبداللہ سلطان اور ہما امیر شاہ کا کہنا تھا کہ ذہانت اور ٹیلنٹ رکھنے والے پاکستانی نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں اور پاکستانی نوجوان مومن ثاقب کنگز کالج لندن کی طلبا یونین کے صدر منتخب ہوگئے ہیں اور 144 سالہ تاریخ میں پہلا غیر یورپی طالب علم یونین کا صدر بنا ہے مومن ثاقب ایک سال کے لئے 30 ہزار طلبا کی نمائندگی کریں گے ۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے مومن ثاقب لندن کنگز کالج میں بی ایس سی کمپیوٹر سائنس مینجمنٹ کے طالب علم ہیں ۔مومن ثاقب نے یہ اعزاز سات امیدواروں کے درمیان مقابلے میں 22 سو ووٹ حاصل کرکے پایا ہے ۔ پروگرام میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے ایک افسوسناک خبر نشر کرتے ہوئے دونوں میزبانوں کا کہنا تھا کہ بڑے نام کمانے والے ، جن پر گانے بھی بنے پاکستان کا نام اونچا کرنے والے اسٹریٹ فٹ بالرز ایک بار پھر سڑکوں پر آگئے ہیں جن کو دیکھ کر دل روتاہے ۔ یہ وہی اسٹریٹ چائلڈ فٹ بالرز ہیںجنہوں نے دنیا میں دھوم مچائی ،کئی ممالک کے دورے بھی کئے پاکستان کا نام روشن کیا لیکن یہ چائلڈ اسٹریٹ ایک بار پھر زندگی کی الجھنوں میں الجھ گئے ہیں اس موقع پر عتیق الرحمن کی بنائی گئی رپورٹ دکھائی گئی جس میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے مہر مصطفی کہہ رہے ہیں کہ مجھے لگتا ہے میری فٹ بال کی دنیاختم ہوگئی اب میری زندگی وہی پانی ، وہی کشتی اور مچھلیاں پکڑنا رہ گئی ہے میرے خواب ادھورے رہ گئے ہیں ۔ اسٹریٹ فٹ بال ٹیم کے کپتان سمیر کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں نے بھی ہمیں سبز باغ دکھایا تھااور ہم لوگ خوش تھے کہ ہمارے لئے کچھ کیاجائے گا ۔ لیکن چار سال بعد ہم پھر اسی سڑک پر آگئے ہیں جہاں پہلے تھے ۔ کھلاڑی رازق مشتاق کا کہنا تھا کہ مجھے تو سب کچھ فضول لگاناروے ، امریکا کھیلنے گئے ، گھر والے سوچتے رہے کہ واپسی میں کچھ تو لائیں گے لیکن واپس آئے تو جیب میں دو ہزار روپے بھی نہ تھے ۔