کراچی(نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے ایشین ٹیبل ٹینس یونین میں چار عہدے حاصل کرلئے، چین میں پچھلے دنوں ہونے والے انتخابات میں پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے سکریٹری خواجہ حسن وودود نے کونسل میں کامیابی حاصل کی، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر ایس ایم سبطین نے وطن واپسی پر جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایشین یونین کے انتخاب میں پاکستان کے سابق انٹرنیشنل کھلاڑی اور کوچ عارف خان کو جونیئر کوچنگ کمیٹی میں شامل کیا گیا، پاکستان کے محمد فہیم انور کو میڈیا، اور سابق خاتون قومی چیمپئن یثرب شاہ کو ویٹرنز کمیٹی میں شامل کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ چین کے کوائزن ایک بار پھر صدر، قطر کے خلیل المہنری ڈپٹی نائب صدر ، ہانگ کانگ کے ٹونی یو سکریٹری اور بھارت کے دھن راج چوہدری کو خزانچی منتخب کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ایشین ٹیبل ٹینس یونین نے پاکستان کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستان میں ٹیبل ٹینس کے انٹرنیشنل مقابلوں کی بحالی کے سلسلے میں عملی قدم اٹھائے گی اور اس حوالے سے ایشیا کی جونیئر ٹیموں کو پہلے مر حلے میں پاکستان جانے پر راضی کیا جائے گا جس کے بعد سنیئر کھلاڑیوں کو پاکستان جانے میں آ سانی ہوگی۔