• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک خطے کیلئے گیم چینجر،ترقیاتی منصوبوں میں 550ارب بچائے،احسن اقبال

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار،کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان و چین سمیت پورے خطے کے لیے گیم چینجر ہے ، سی پیک کے ذریعے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے عمل سے جوڑا جائیگا ، صنعتی انقلاب کے ذریعے معیشت مستحکم ہو گی اور پاکستان خطے میں پیداواری مرکز بن کر ابھرے گا۔ اسلام آباد میں فاسٹ اسکول آف مینجمنٹ کے زیر اہتمام سی پیک کی حقیقت اور خدشات پر مبنی سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے شرکت کی ، سی پیک پر خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دو ہزار پچیس تک پاکستان دنیا کی پچیس مستحکم معیشتوں میں شامل ہو جائے گا، وفاقی وزیر احسن اقبال نےکہ موجودہ حکومت نے توانائی کے کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں ، مئی دو ہزار سترہ سے مئی دو ہزار اٹھارہ تک دس ہزار میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کر دیں گے ، جس سے اگلے سال نہ تو گھروں میں لوڈ شیڈنگ ہو گی اور نہ ہی صنعتی شعبے کو بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سامنا کرنے پڑے گا۔ دریں اثناء گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ752 ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور اخراجات میں توازن کے باعث 550ارب روپے بچائے ہیں ، وفاقی حکومت نے2013میں پلاننگ کمیشن کو دوبارہ خودمختار حیثیت دی تاکہ پیشہ ورانہ مہارت کےحامل افراد کے ذریعےمنصوبہ بندی کا عمل مؤثربنایا جاسکے، احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے منصوبہ بندی کے عمل میں شفافیت کو فروغ دیا اور ٹوکن رقم رکھ کر نئے منصوبے بنانے کے عمل کی حوصلہ شکنی کی،وزارت منصوبہ بندی کی کوششوں کے نتیجے میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور منڈا ڈیم جیسے منصوبوں کو ازسر نو زندہ کیا،انہوں نے کہا کہ رواں سال نیو اسلاآباد ایئرپورٹ پر آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا، بلوچستان کی کچی کنال کے لیے فنڈ جاری کیے جس سے صوبے بھر کو پانی کی سہولت میسر آ ئے گی۔
تازہ ترین