وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد اور ڈیفنس میں نادرا کے دو میگا سینٹرز کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں آج نادرا کے2 میگا سینٹرز کھولے گئے ہیں جبکہ تیسرا میگا سینٹر سائٹ کے علاقے میں مئی کے آخر میں کھول دیا جائے گا ۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 3 لاکھ شناختی کارڈ بلاک کیے گئے ، جن میں سے ایک لاکھ 72 ہزار شناختی کارڈ مستقل طور پر بلاک کردیاہے، ڈیڑھ لاکھ شناختی کارڈز کو ان بلاک کیا جارہا ہے ، باقی رہ جانےوالےشناختی کارڈز کو مرحلہ وار ان بلاک کیا جا ئے گا،کراچی میں 5 لاکھ شناختی کارڈز بلاک کیے جانے کی بات سراسرغلط ہے۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں آج بھی ہوں اور کل بھی رہوں گا، ایک وقت تھا کہ یہاں مثالی صفائی ستھرائی ہوتی تھی، مگر اب یہاں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ گرمی سے تھکے ہارے لوگ نادراسینٹرز میں آئیں تو عملے کو چاہیے کہ ان سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں ،ایسا نظام بنائیں گے کہ عوام کو نادرا مراکز میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔
چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ تمام میگا سینٹرز میں شکایتی ڈیسک بنائیں، جو بھی عوام سے بدتمیزی کرے اسے ادارے سے نکالیں، میگا سینٹرز میں 3ہزار درخواستیں نمٹانےکی صلاحیت ہو گی،نادرا سینٹرز میں جزا و سزا کا نظام لانے کی ہدایت کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نادرا سینٹرز میں عوامی شکایات کا واضح نظام لانے کی ہدایت کردی ہے،عوامی تعریف پانے والے اہلکاروں کو انعام اور شکایت ملنے والے کو نکالنے کی تجویز دی ہے، نادرا کے6 سو سے زائد اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوچکی ہے ۔