• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے ملازمین کی برطرفیاں کرکے انہیں مشکلات میں ڈال دیا، پرویز اشرف

مظفرآباد (نامہ نگار)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر وسابق وزیر چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کے دعویداروں نے خواتین اساتذہ کے تبادلے اور انتقامی کارروائیاں کر کے اپنی اوقات دکھا دی ہے۔ ہمیں کرپشن،لوٹ مار کے الزامات دینے والوں کے بدوں کاروبار اپنے محلوں کی تعمیر کا بھی قوم کو جواب دینا چاہیے۔ اخلاقیات کا جنازہ نکالنے والوں سے گڈگورننس اور میرٹ بحالی کی باتیں زیب نہیں دیتی۔ چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ موجودہ حکمران ٹولہ اتنی جلدی میں ہے کہ اس نے کوئی شعبہ زندگی نہیں چھوڑا ہر محکمہ کے اندر تبادلے، تنخواہوں کی بندش، معطلی اور برطرفیاں کر کے ریاستی عوام کو اذیت و مصائب میں مبتلا کیا جا رہا ہے پی پی کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ جاریہ ترقیاتی منصوبوں پر کام بند کروا کر عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے بعد ڈان لیکس نے نواز شریف کے اوسان خطاء کر دیئے اقتدار کی کرسی کو نکلتا دیکھ کر اب انہیں عوام کی حالات زار نظر آنی شروع ہوئی ہے۔ پرویز اشرف نے کہا کہ کشمیریوں کے قاتل سے دوستی کرنے والے کشمیریوں کے دوست نہیں ہو سکتے۔ نواز شریف پاکستان اور کشمیرکو اتفاق فونڈری نہ سمجھیں ذاتی مفادات کیلئے ملی مفاد دائو پر لگانے والوں کا انجام قریب آچکا ہے عوام انتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ نہ ہوں بلکہ حکومتی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کریگی اور جعلی حکمرانوں کو بے نقاب کریگی۔
تازہ ترین