لاہور(نیوز ایجنسیاں)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے عمران خان کو سیاسی یتیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور آصف علی زداری دونوں کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ‘وقت سے پہلے انتخابات دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ‘(ن) لیگ کی حکومت آئینی مدت پوری کر یگی ‘آئندہ حکومت بھی (ن) لیگ کی ہوگی۔ ایک انٹر ویو میں رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ جوں جوں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی رفتار تیز ہو رہی ہے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو اپنی سیاست دفن ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے ۔بڑھکیں لگانے والوں کو آئندہ عام انتخابات میں اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا ۔رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان خواب کی تعبیر میں رکاوٹ کا ذکر کر کے اصل بات زبان پر لے ہی آئے ہیں ،پی ٹی آئی کے سربراہ لوگوں کی پگڑیاں اچھال کر ہرگز وزیر اعظم کے منصب تک نہیں پہنچ سکتے بلکہ اس کیلئے عوام کے دلوں میں گھر بنانا پڑتا ہے ،جے آئی ٹی جو بھی پوچھے گی اسے بمعہ ثبوت جواب دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سمیت دیگر مخالف جماعتیں (ن) لیگ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے خوفزدہ ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں مشترکہ امیدوار میدان میں اتارنے کی منصوبہ بندی جاری ہے ۔رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ وفاق کا بجٹ پیش کئے جانے کے بعد پنجاب کا بجٹ پیش کیا جائے گا اور اس کے لئے تیاریاں جاری ہیں ۔ (ن) لیگ کی صوبائی حکومت تاریخی بجٹ پیش کر ے گی جس میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا ۔