• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرگودھا ڈویژن میں مردم وخانہ شماری کا50فیصد کام مکمل

سرگودھا(نامہ نگار)صوبائی سینسس کمشنرعارف انوربلوچ نے ڈپٹی کمشنر آفس میں مردم شماری کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہاکہ مردم وخانہ شماری کے دوسرے مرحلے کا پچاس فیصد سےزائد کام مکمل ہو چکاہے۔ مردم وخانہ شماری کاکام پاک آرمی کی معاونت سے پر امن طریقے سے جاری ہے اور کسی جگہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ عوام النا س مردم شماری کے سٹاف کے ساتھ بھر پور تعاون اور درست معلومات دے کر ذمہ دار شہری کا کردار ادا کر رہے ہیں۔مردم شماری بہت بڑا ٹاسک او رچیلنج تھا جس کی مقررہ مدت کے اندر انجام دیہی ملکی اداروں اور پاک فو ج کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ تمام اعدادوشماراورنتائج جولائی میں جاری کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے مرحلے میں یہ ٹاسک بروقت مکمل کر لیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نےکہا کہ پاک آرمی ‘سول انتظامیہ او رپولیس کے باہمی اشتراک اور بہتر رابطے کی وجہ سے تمام کام پرامن ماحول میں جاری ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چھ مئی تک پہلے مرحلے کا تقریبا سو فیصد کام مکمل ہو چکاہے۔ تحصیل سرگودہا ‘ سلانوالی اورکوٹ مومن میں 95 فیصد‘ سرگودہاکینٹ 99 فیصد ‘ تحصیل شاہپور او ربھیرہ 96 فیصد ‘تحصیل ساہیوال او ربھلوال میں 98فیصد کام مکمل ہو چکاہے۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی محمد ذوالقرنین لنگڑیال ‘ کرنل فرحان قریشی ‘ جوائنٹ سینسس کمشنر پنجاب ا کبر ڈوگر ‘ اسسٹنٹ سینسس کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد ر فیق ‘ سہیل اختر، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ شماریات اور پولیس افسران بھی موجود تھے۔
تازہ ترین