• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اچکزئی اور فضل الرحمان کو ’غدار‘ کہنے پرنجی چینل کو ایک لاکھ روپے جرمانہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پیمرا نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ـمیں محمود اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کو ’غدار‘ کہنے پر چینل کو ایک لاکھ روپے جرمانہ، ناظرین سے معذرت نشر کرنے کی ہدایت کی ہے، پیمرا کے مطابق مورخہ 12فروری 2017ء کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام  میں اینکر سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان شرکاء اعجاز مہمند اور نثار مہمند نے ارکانِ پارلیمنٹ اور سینئر سیاستدانوں محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کو ’غدار‘ قرار دیا۔ ٹی وی چینل کی طرف سے مذکورہ پروگرام نشر کئے جانے کے بعد پیمرا نے مورخہ 17فروری 2017ء کو اظہار وجوہ کے نوٹس کے ذریعے چینل انتظامیہ سے مذکورہ اقدام کی وضاحت طلب کی اور 16مارچ 2017ء کو سماعت کیلئے چینل نمائندوں کو طلب کیا ۔ مقررہ تاریخ کو چینل کی طرف سے داخل تحریری جواب کا جائزہ لینے کے بعد پیمرا کمیٹی اس نتیجہ پر پہنچی کہ مذکورہ پروگرام میں ارکانِ پارلیمنٹ کے حوالے سے قابلِ اعتراض گفتگو نشر کرکے چینل انتظامیہ پیمرا الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015ء کی متعدد دفعات کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئی ہے۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مذکورہ پروگرام نشر کرنے کی پاداش میں ’جیو نیوز‘ پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جرمانہ کی رقم تین ہفتوں کے اندر ادا کرنا ہوگی۔ چینل کو یہ حکم بھی دیا گیا ہے کہ مورخہ 13مئی 2017ء کو پروگرام  میں چینل انتظامیہ اور  اینکر  دونوں کی جانب سے محمو د خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کا نام لیکر قابل اعتراض گفتگو پر ناظرین سے معذرت طلب کی جائے اور پروگرام کے دوران یہ معذرت سکرین پر بھی واضح انداز میں دکھائی جائے ۔ اس کے علاوہ چینل انتظامیہ کو متنبہ کیا گیا ہے کہ ٹاک شوز میں مدعو کئے جانے والے مہمانوں کے انتخاب میں احتیاط برتی جائے اور پروگرام سے پہلے انہیں پیمرا ضابطہ اخلاق 2015ء کے حوالے سے آگاہ کیا جائے پیمرا احکام کی حکم عدولی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007) کی سیکشن 30کے تحت چینل کے لائسنس کی منسوخی کے عمل کا آغاز کیا جائیگا۔
تازہ ترین