سکھر (بیورو رپورٹ) خیرپور کے رہائشی انصاری برادری کے افراد نے 15سالہ لڑکے کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے احتجاجی مظاہرہ کرکے انصاف و تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ خیرپور کی رہائشی مسمات حمیداں انصاری نے اپنے بچوں کے ہمراہ سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج مظاہرہ کیا اور لڑکے کے ساتھ زیادتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، مذکورہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ ماہ میرا 15سالہ بیٹا بشارت اپنے رشتہ داروں کی شادی میں گیا، جہاں پر ملزمان اسے بہانے سے اپنی گاڑی میں لے گئے اور نشہ دیکر اسے زیادتی کا نشانہ بنایا، بی سیکشن تھانہ میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہے مگر پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کررہی ہے، ملزمان بااثر ہیں اور ہمیں خاموش رہنے کے لئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے اعلیٰ پولیس افسران سے اپیل کی کہ واقعے کا نوٹس لیکر ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔