پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
سابق صدر نے مولانا فضل الرحمٰن سے مستونگ دھما کے میں زخمی ہونے والے ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی خیریت دریافت کی ۔
آصف زرداری کےہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ اور نیر بخاری بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہر تکلیف اور مصیبت میں مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ہیں، قوم اگر ایک پلیٹ فارم پر کھڑی ہوجائے تو کوئی وجہ نہیں کہ یہ واقعات ہوں۔
امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی بنائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یکجہتی کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پوری قوم کو دہشت گردوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔