برمنگھم(پ ر) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے جنرل سکریٹری اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبد الغفور حیدری پر دہشت گردوں کے حملے کی پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین مفتی فضل احمد قادری ، سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر خرم بشیر نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے اپنے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی رہائی کے لیے پاکستان پر دبائو ڈالنے کے لئے حملہ کرایا ہے بھارت ہر طرف سے گھیراو تنگ کر رہا ہے کنٹرول لائن اور افغانستان سے بھارت نے اپنی جارحیانہ حملوں اور سرگرمیوں کو تیز کر رکھا ہے کلبھوشن کی سزا میں جتنی تاخیر کی جائے بھارت کی دہشت گردی میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے دہشت گرد ملک کے کونے کونے میں پناہ لیے ہوئے ہیں جے، یو، آئی میاں نواز شریف کی اتحادی جماعت ہے بھارت اب اس طرح کے حملوں کے ذریعے میاں نواز شریف کو مجبور کریں گے کہ وہ کل بھوشن کی سزا معاف کر بھارت کے حوالے کر دیں حکومت پاکستان کا بھارت کے حوالے سے جو معذرت خواہانہ رویہ ہے بھارت اس کمزوری سے فائدہ اٹھا کر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے ۔ رابطہ کونسل کے رہنمائوں نے کہا ہے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ملک کی اہم اسلامی اور قومی قیادت کے سیکورٹی کا موثر انتظام کیا جائے انہوں نے حملے میںشہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور شہدا کے لیے مغفرت کی دعا کی۔