• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف دور میں بڑے عہدوں کی پیشکش ہوئی، آج تک کوئی نہیں خرید سکا، چوہدری نثار

 روات/ چکری(ایجنسیاں)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے انکشاف کیاہے کہ پرویزمشرف دور میں  انہیں بڑے عہدوں کی پیشکش ہوئی مگرانہیں آج تک کوئی نہیں خریدسکا‘ان کا کہناتھاکہ ہر الیکشن میں نئے پرندے آجاتے ہیں‘ملک کا تیاپانچاکرنےو الے تبدیلی نہیں  لاسکتے ‘مخالفین کے پاس جھوٹے وعدوں کے علاوہ کوئی ایجنڈانہیں‘قوم تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں پر توجہ نہ دے‘پاکستان کو مضبوط کرنا ہے تو بردباری، تحمل مزاجی اور سنجیدگی کی سیاست کا رواج ڈالنا ہوگا اور گالم گلوچ کی سیاست کو مسترد کرنا ہوگا،الیکشن میں مخالفین کی تدبیروں کو دریائے سواں میں دفن کر دیں گے،کچھ لوگوں نے ملک میں ہیجان انگیزی اور افراتفری کی سیاست کا ٹھیکالے رکھاہے‘بلاجواز محاذ آرائی جمہوریت کے لیے زہر قاتل ہے،یہ طرز عمل ملک کی ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے‘افراتفری اور انتشار نہ جمہوریت کے مفاد میں ہے اور نہ ہی ملک کے مفاد میں ہے‘فیصلے منتخب پارلیمان‘اعلی عدالتوں اور عوام کی عدالت میں ہوتے ہیں گلیوں اور چوراہوں پر نہیں‘ جمہوریت اور ترقی سے قومیں آگے بڑھتی ہیں اور انتشار ، ہیجان انگیزی اور افراتفری سے کئی برس پیچھے چلی جاتی ہیں، کوئی سنجیدہ پاکستانی منفی اور الزام تراشی کی سیاست کی حمایت نہیں کر سکتا،ہر چڑھتے سورج کو سلام کرنے والے اور ہر در پر سلامی دینے والے علاقے کے عوام کے وفادار نہیں ہو سکتے۔ وہ ہفتہ کواپنے انتخابی حلقے میں مختلف مقامات پر خطاب کر رہے تھے۔چوہدری نثارنے کہاکہ وہ 35 سال سے سیاست میں ہیں ،اس دوران انہیں کئی بار خریدنے اوراعلیٰ عہدوں کی پیشکش ہوئی مگر ان کے ایمان میں لغزش نہیں آئی‘ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کارکردگی جھوٹے وعدوں اور بے سروپا تقریروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ظاہر ہوتی ہے‘سیاست کی آڑ میں بلند وبانگ دعووں ، کھوکھلے نعروں اور عوام کو گمراہ کرنے کی روش اختیار کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔
تازہ ترین