اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیرِ داخلہ چوہدری سے آئی جی فرنٹیئر کانسٹیبلری بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل سردار طارق امان نے ملاقات کی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی کویقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسزکی کاوشیں اور قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ پوری قوم سول آرمڈ فورسز کے افسران اور جوانوں کی انتھک محنت اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور سی پیک کے پیش نظر ایف سی کا کردارمزید اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ داخلی سکیورٹی سے متعلقہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ایف سی اہلکاروں کی تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے خصوصاً ٹیکنالوجی کے موثر استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔حکومت ِداخلی و خارجی سکیورٹی کے حوالے سے سول آرمڈ فورسز کے اہم کردارکو مد نظر رکھتے ہوئے انکی تمام آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے اور انکی استعدادِ کار بڑھانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے وزیرِ داخلہ نے کہاکہ چار برسں میں سول آرمڈ فورسز کی پیشہ وارانہ ضروریات کو پورا کرنے، کارکردگی کی مزید بہتر ی اورنئے ونگز کے قیام کے لئے اسی ارب سے زائد خرچ کئے جا چکے ہیں جواس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت نہ صرف سول آرمڈ فورسز کی خدمات کو سراہتی ہے بلکہ اس میں مزید بہتری اور فعالی کی خواہاں ہےانہوں نے کہاکہ ایران اور افغانستان کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کی موثرنگرانی، غیر قانونی انسانی آمد ورفت کی روک تھام، سمگلنگ سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومتی سطح پر متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔نئے کراسنگ پوائنٹس کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دشوار گزار سرحدی علاقوں کی موثر نگرانی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کارلایاجا رہا ہے۔ ان اقدامات کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ ایف سی کے جوانوں کی استعدادِ کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مطلوبہ مقاصد کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔