ٹھٹھہ+ شکارپور(نامہ نگاران)کلرکوں کی گرفتاری کے خلاف ایپکا کا احتجاج تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کلرکوں کی گرفتاری کے خلاف آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ضلع ٹھٹھہ کے زیر اہتمام مختلف محکموں میں تعینات کلرکوں نے مکلی غلام اللہ روڈ پر دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع سید سجاد علی شاہ، احمد نواز، سجاد سموں، عبداللطیف کھتری، تاج حسین بروہی و دیگر نے اسلام آباد میں کلرکوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گرفتار کلرکوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے اور گرفتار ملازمین کی رہائی تک بطور احتجاج دفاتر کی تالابندی کرکے قلم چھوڑ ہڑتال کریں گے جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ شکارپور ایپکا ضلع شکارپور کی جانب سے چارٹر آف ڈیمانڈز سمیت جائز مطالبات کی منظوری کے لئے ضلعی صدر ایپکا عبدالوہاب کاغذی کی قیادت میں پرامن دھرنے میں شرکت کے لئے اسلام آباد گئے ہوئے ملازمین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کرکے انہیں زخمی اور گرفتاریوں کے خلاف ضلع شکارپور کے تمام دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی سے صوبائی رہنما ایپکا شفیق احمد میمن ،حاجی شوکت علی بلوچ،ظہور احمد پھلپوٹہ،عشرت حسین لاڑک و دیگر نے خطاب کیا۔