گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے 2ڈاکوؤں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں جبکہ ایک زخمی ڈاکوکو ڈسٹرکٹ ہسپتال میں زیرعلاج ہے گزشتہ رات محلہ شریف پورہ جی ٹی روڈ پر جوتوں کی ایک نجی برانڈ کی دکان میں 5ڈاکو داخل ہوئے ۔اطلاع دوسری منزل پر بیٹھے دکان منیجر نے پولیس کو دی جس پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ڈاکوؤں نے فرار ہونے کی کوشش کی تو پولیس کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہو ا جس سے گرین ٹاؤن راہوالی کا رہائشی شاہزیب ، اور نئی آبادئی سنسرہ گورائیہ کا رہائشی عثمان غنی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ سوئی گیس روڈ کا رہائشی دانش زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ 2ڈاکوفرار ہو گئے اور اپنے ساتھ لوٹا ہوا سامان اور دکان کے کیمرے بھی اتار کر لے گئے پولیس نے ہلاک ہونیوالے ڈاکوؤں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دیں تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونیوالے ڈاکو ریکارڈ یافتہ مجرم تھے اور اس سے پہلے بھی کئی وارداتیں کر چکے تھے فرار ہونیوالے ڈاکو ئوں کی شناخت کر لی گئی ہے ایک کا نام عثمان اور دوسرے کا نام صدام ہے عثمان کوہلو والا گاؤں کا رہائشی ہے جبکہ صدام ملتان کا رہائشی ہے دونوں کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائیگا۔