• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری نثار پاک فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ترجمان تحریک انصاف

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری نے کہاہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار پاک فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس سازش میں ان کے ساتھ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر بھی ملوث ہیں،نوازشریف پاکستان کی عزت کا خیال رکھیں وہ ڈھائی گھنٹے کی تقریر تیار کرکے گئے لیکن انہیں موقع ہی نہیں دیا گیا، وزیر اعظم بتائیں اکرم شیخ ان کے ساتھ سعودی عرب کیوں گئے کیونکہ قطری شہزادوں کا اکرم شیخ کی موجودگی میں سعودی عرب میں ہونا معنی خیز ہے۔پیر کوسپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج سپریم کورٹ کا اہم دن ہے، آج پتہ چلے گا کہ پاناما کیس پر جے آئی ٹی نے کتنا اور کیا کام کیا لیکن جے آئی ٹی کو چاہئے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر میڈیا کو بھی آگاہ کرے کیوں کہ خفیہ معلومات کے نتائج اچھے نہیں ہوتے۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور یہاں ہر کسی کو آزادی رائے کا حق ہے، لوگ سوشل میڈیا پر ہمیں گالیاں دیتے ہیں لیکن ہم ان کی عزت کرتے ہیں لیکن تحریک انصاف کے نوجوانوں کر بے گناہ پکڑا جارہا ہے اور ایک وزیر اٹھ کر قومی سلامتی کے خلاف بات کرنا شروع کردیتا ہے۔ حکومت ڈان لیکس کی طرح ایک بار پھر فوج کے خلاف سازش کررہی ہے، وزیرداخلہ فوج کر بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹر فوج کو بدنام کرنے کی سازش میں ملوث ہیں جب کہ نوازشریف ملک میں بنگلہ دیش ماڈل نافذ کرنا چاہتے ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف پاکستان کی عزت کا خیال رکھیں وہ ڈھائی گھنٹے کی تقریر تیار کرکے گئے لیکن انہیں موقع ہی نہیں دیا گیا، وہ بتائیں کہ اکرم شیخ ان کے ساتھ سعودی عرب کیوں گئے کیوں کہ قطری شہزادوں کا اکرم شیخ کی موجودگی میں سعودی عرب میں ہونا معنی خیز ہے۔
تازہ ترین