اسلام آباد(نمائندہ جنگ) اسپیکر سردار ایازصادق کاکہناہے کہ کلبھوشن جادیو کے معاملے پر پاکستان اپنا کیس پوری تیاری اوربھرپور انداز سے عالمی عدالت میں اٹھائے گا جبکہ حکومت نے اعتراف کیا کہ پہلے مرحلے میں مکمل تیاری نہ ہونے کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔حکومت بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف میں اپنی تیاریوں پر اپوزیشن جماعتوں کو مطمئن نہ کرسکی۔ اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ سب کو تشویش ہے پاکستان کو عالمی عدالت میں کیس جیتنا چاہئے، ایاز صادق کی صدارت میں قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور اٹارنی جنرل اشتراوصاف نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔