اسلام آباد(نمائندہ خصوصی، خبر نگار خصوصی) سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات ایک عقیدے کی بناء پر استوار ہیں ۔سعودی عرب حرمین شریفین کی وجہ سے بھی عالم اسلام کامرکز ہے اور اس مرکز کی حفاظت تمام مسلمانوں کا دینی اور ملی فریضہ ہے ۔ جمعیت علماء اسلام سعودی عرب اور حرمین شریفین کا دفاع اپنے ایمان کا حصہ سمجھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پمز ہسپتال میں زیر علاج ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولاناعبدالغفور حیدری نے رابطہ عالم اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل عبیدہ محمد عتین اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد عبدالکریم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبیدہ محمد عتین اور ڈاکٹر محمد عبدالکریم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی عیادت اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔دریں اثنا قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے بھی ڈپٹی چیرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی مزاج پرسی کی اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ مولانا حیدری نے انہیں خودکش حملے کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ دہشت گردی کے مسلسل واقعات ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہیں ،حکومت کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سخت ترین اقدامات کرے ، جمعرات کے روزوفاق المدارس کے جنرل سیکرٹری مولانا حنیف جالندھری اور مولانا محمد ہاشم خان کے علاوہ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بھی مولانا عبد الغفور حیدری کی عیادت کی۔