اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ) سی پیک منصوبوں کیلئے 180ارب،گوادر کی ترقی پر 7ارب خرچ ہونگےگوادر سیف سٹی،صاف پانی، ایسٹ بے ایکسپریس وے، ٹیکنیکل و ووکیشنل انسٹیٹیوٹ سمیت مختلف منصوبوں کیلئے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی سکیورٹی کے لئے ایک ارب 80کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ جہاز رانی و بندرگاہیں ڈویژن کیلئے 12ارب 77کروڑ 56لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جاری 10اسکیموں کیلئے 7ارب 37کروڑ روپے جبکہ 10نئے منصوبوں کیلئے 5ارب 40کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ایسٹ بے ایکسپریس وے (سی پیک) منصوبے کیلئے ایک ارب 45کروڑ روپے ۔گوادر میں پاک چائنہ ٹیکنیکل و ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کیلئے 45کروڑ روپے ، پاکستان انٹر نیشنل بلک ٹرمینل سے پورٹ قاسم ریلوے نیٹ ورک تک کوئلے کی ترسیل کیلئے 3ارب 56کروڑ 98لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بزنس کمپلیکس آر او پلانٹ منصوبے کیلئے 10کروڑ روپے ، گوادر پورٹ ماسٹر پلان کے مطابق اراضی کے حصول کیلئے 3ارب روپے ، مختلف ترقیاتی منصوبوں کی جلد اور بروقت تکمیل کیلئے 50کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے ہیں۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اورگوادر سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے مجموعی طور پرایک ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائینگے۔ ان منصوبوں پر مجموعی لاگت کا تخمینہ بالترتیب 25ارب اورایک ارب47 کروڑ58 لاکھ 89 ہزار روپے لگایا گیا ہے جبکہ 30جون2017ءتک گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے 10ارب 59کروڑ 14 لاکھ 50 ہزار روپے اور گودار سیف سٹی منصوبہ کیلئے 73کروڑ80 لاکھ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کئے جاچکے ہیں ۔گوادر میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے 70کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔منصوبہ کیلئے منصوبہ کیلئے مجموعی طور پرمختص کردہ بجٹ میں 20کروڑ روپے کی غیرملکی امداد شامل ہے جبکہ حکومت اپنے مالی وسائل سے 70کروڑ روپے جاری کریگی۔ کیماڑی کراچی میں تیل ذخیرہ کرنے کیلئے ڈپو کی تعمیر کیلئے ایک ارب 75کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں شناوہ کے مقام پریورینیم کی کان کنی کے منصوبے (ایم پی بی2) کیلئے 65کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔وزارت داخلہ کی جاری اور نئی ترقیاتی اسکیمو ں کے لئے 15ارب 66کروڑ روپے رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔ وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں میں 38جاری منصوبوں کے لئے 10ارب 67کروڑ جبکہ 23نئے منصوبوں کے لئے 4ارب 99کروڑ روپے رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔