اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا مسلسل پانچواں بجٹ پیش کیا اور 4؍ سالہ دور حکومت میں مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا تفصیل سے ذکر کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جمعہ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2017-18ءکا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت مسلسل پانچواں بجٹ پیش کر رہی ہے اور ملکی تار یخ میں پہلی مرتبہ ایک منتخب وزیراعظم اور وزیر خزانہ پانچویں بار بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل کر رہے ہیں۔ یہ مضبوط جمہوریت کی عکاسی کرتی ہے جس پر پوری قوم فخر کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ءمیں جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو مالی ادائیگیوں پر ڈیفالٹ کی شرح بہت زیادہ تھی، ہمارے پاس 2 ہفتے کی درآمدات کا مساوی زرمبادلہ موجود تھا، کمرشل بینکوں تو کیا ملٹی لیٹرل بینک بھی ہمیں قرضہ دینے کیلئے تیار نہیں تھے۔ مالیاتی خسارہ 8 فیصد سے زائد تھا، توانائی کا ایک شدید بحر ان تھا اور ملک میں 15 سے 18 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ معمول تھی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے مالیاتی اور دیگر شعبوں میں موثر پالیسیوں، اصلاحات اور ری سٹرکچرنگ کے عمل کے نتیجے میں پاکستان کے مائیکرو اکنامک اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی۔