• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کا چاند جمعہ کو نظر نہ آنے سے ہزاروں چیکس مسترد

Thousands Checks Reject Due To Ramadan Moon Not Sighted On Friday
پاکستان میں رمضان کا چاند جمعہ کو نظر نہ آنے سے بینکوں نے ہزاروں چیکس مسترد کردیئے۔ بینک ذرائع کے مطابق جمعہ 26 مئی کو بینک اکاونٹس میں کلیئرنگ کے چیکس جمع کرانے والے کھاتہ دار متاثر ہوئے ہیں۔

بینک ذرائع کے مطابق جمعہ 26 مئی کو رمضان کا چاند نظر آنے کا معاملہ کلیئر نہیں تھا جس بنا ءپر بینکوں نے اپنے مرکزی دفاتر کی ہدایت پر جمع کرائے گئے چیکس پر کلیئرنگ کی تاریخ 29 مئی بروز پیر درج کرکے چیکس کلیئرنگ کیلئے روانہ کردیئے تھے۔

جمعہ کو رمضان کا چاند نظر نہیں آیا یوں ہفتہ کو زکوٰاۃ کی کٹوتی نہیں ہوسکی۔ اتوار کو سرکاری چھٹی کی وجہ سے بینک بند تھے اور پیر 29 مئی کو زکوٰاۃ کی کٹوتی کی وجہ سے بینک بند رہے۔

بینکرز کے مطابق 30 مئی کو بینک کھلے تو کلیئرنگ کیلئے آنے والے چیکس پر درج 29 مئی کی تاریخ گذر چکی تھی۔ یوں ملک بھر کے بینکوں نے جانتے بوجھتے ہوئے بھی چیکس پر ادائیگیاں نہیں کیں اور انہیں مسترد کرکے متعلقہ بینکوں کو واپس بھیج دیا۔

بینک ذرائع کے مطابق اس صورتحال سے لاکھوں شہریوں کو خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے۔ اس صورتحال سے پاکستان میں پہلی بار انٹر سٹی بینکوں کے چیکس کی کلیئرنگ میں ایک ہفتہ لگے گا۔

بینک ذرائع کے مطابق اس میں کھاتہ داروں کا قصور نہیں ہے یہ صورتحال رمضان کا چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے پیش آئی ہے۔

بینک ذرائع کے مطابق مسترد شدہ چیکس 31 مئی کو دوبارہ پوسٹ کردیئے گئے ہیں اور رقوم جمعرات کی شام تک کھاتہ داروں کے اکاونٹس میں منتقل کردی جائیں گی۔ اس ٹیکنیکل صورتحال سے بیشتر کھاتہ داروں کو نقصانات سے بھی دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
تازہ ترین