• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر پنجاب سے حمزہ شہباز کی ملاقات، سیاسی صور تحال پر تبادلہ خیال

لاہور(سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال بالخصوص جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب خصوصاً ملتان میں میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں میٹروبس سروس شروع ہونے سے وہاں کے باسیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں فنڈز کی تقسیم کرتے وقت پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے عوام کو خصوصی طور پر ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی اس سلسلے میں خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے موجودہ قیادت کو ان کی تقدیر بدلنے کا بھاری فریضہ سونپا تھا ہم یہ آج بڑے فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ اس سلسلے میں موجودہ قیادت کافی حد تک کامیاب ہوئی ہے۔اس موقع پر حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنا چاہے واویلا کر لیں ہم عوام کی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے ہر دور میں مسلم لیگ ن پر الزام تراشی کی، ان کے جھوٹے دعوئوںکا نتیجہ پہلے بھی زیرو نکلا اورآئندہ بھی وہ ناکام ہونگے۔
تازہ ترین