میڈرڈ( اسپورٹس ڈیسک ) یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ترین ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کی ٹرافی ریال میڈرڈ نے ایک مرتبہ پھر جیت لی ہے۔ یہ فائنل میچ ہفتہ تین جون کو برطانوی علاقے ویلز کے شہر کارڈف کے ملینیم اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ ریال میڈرڈ نے فائنل میچ میں اطالوی کلب یوونٹس کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہرایا۔ یورپی فٹ بال کی حکمرانی حاصل کرنے کے بعد ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیتنے کا جشن منایا گیا ریال میڈرڈ کے کھلاڑیوں نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ہزاروں مداحوں نے مختلف انداز میں اپنے فیوریٹ فٹبالرز کا استقبال کیا۔ ٹیم کو کھلی چھت والی بس میں شہر کی مرکزی شاہراہوں کی پریڈ کرائی گئی، اس موقع پر سڑکوں پر موجود لاکھوں کی تعداد میں پرستاروں نے چیمپئنز کا والہانہ استقبال کیا۔ میڈرڈ کے سانتیاگو برنابو اسٹیڈیم میں شاندار تقریب سجائی گئی جس میں ریال میڈرڈ کے ہزاروں شائقین نے شرکت کی۔ریال میڈرڈ کے کھلاڑی خصوصی بس میں سوار ہو کر اسٹیڈیم پہنچے۔ شائقین کی بڑی تعداد سڑک کے اطراف موجود تھی۔تقریب میں کھلاڑیوں نے کلب کوچ زین الدین زیڈان کوکندھوں پر اْٹھالیا اور خوب ہلہ گلہ کیا جبکہ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ریال میڈرڈ نے یوئیفا چیمپئنز لیگ فائنل میں یوونٹس کو1-4سے شکست دی تھی۔ 1958 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ریال میڈرڈ نے چیمپئنز لیگ اور لالیگا کا ٹائٹل ایک ساتھ جیتا ہے۔ انگلینڈ میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد اس موقع پراسپین میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پریڈ کے دوران ہزاروں مداح کرسٹیانو رنالڈو کیلئے پانچویں ’’بیلن ڈی آر ‘‘ کے مطالبے کیلئے بھی نعرے لگاتے رہے۔ واضح رہے کہ رنالڈو نے یوونٹس کیخلاف دو گو ل کئے ہیں ۔