لاہور ( این این آئی) سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے لیکن موجودہ لوگ تمسخر اڑا رہے ہیں، اگر پیپلز پارٹی کے وزرائے اعظم عدالتوں کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں تو کیا حسن اور حسین نواز آسمان سے اترے ہیں، موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی مکمل ناکام ہو چکی ہے اور یہ پاکستان کیلئے المیہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں نیب عدالت میںپیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید، محترمہ بینظیر بھٹو شہید، آصف علی زرداری سے لے کر اب تک ہم لوگ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ ہم نے کبھی عدالتوں کو دھمکی دی اور نہ حملہ کیا بلکہ جب بھی عدالت نے بلایا ہم حاضر ہو گئے۔ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ میرا قصور کیا ہے۔ گریڈ چار کے ملازمین کو نوکریاں دینے پر واویلا کیا جارہا ہے اور ایک سابق وزیر اعظم کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا گیا ہے جبکہ موجودہ لوگ تمسخر اڑا رہے ہیں۔ شریف برادران کے نیب میں کتنے کیسز تھے ان کا کیا ہوا ، کیا وہ کیسز چل رہے ہیں، اس پر نیب نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔