• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طاہر القادری کی پاکستان آمد سے میاں برادران کے معاونین متحرک ہو گئے

پیرس(نمائندہ جنگ)منہاج القرآن فرانس کے صدر چوہدری محمد اعظم اورپاکستان عوامی تحریک فرانس کے صدر حاجی محمد اسلم چوہدری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹرطاہر القادری کی پاکستان آمد کے ساتھ ہی میاں برادران کے معاونین متحرک ہو گئے ، پانامہ کے ہنگامے اور JIT کے ڈرامے میں ماڈل ٹاون سانحہ سے صرف نظر کرنے والے بھول رہے ہیں کہ وہ کسی اور کیس میں نہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہی لٹکیں گے۔حاجی محمد اسلم کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے خواہشمندوں کو چاہیے کہ وہ پچھلے چند ماہ کی میڈیا رپورٹ پر نظر دوڑائیں جب ڈاکٹر قادری نے کہا تھا کہ تلاشی نواز شریف کی ہو گی مگر مال خان صاحب کی جیب سے برآمد ہوگا۔ اس وقت کے حالات کیا تھے آج کیا ہیں سمجھنے والوں کے لیے سوچنے کا مقام ہے۔ چوہدری محمد اعظم نےکہاکہ انصاف بشکل قصاص ہمارے ایمان کا حصہ ہے، ہم آخری دم تک انصاف کی جنگ لڑیں گے۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ حاصل کرنے کیلئے پونے تین سال سے عدالتی جنگ جاری ہے اور آخری سانس تک جاری رہےگی۔انہوں نے کہااصلاحات کے بغیر انتخابات ہوئے تو یہ سابق انتخابات جیسا ایک ڈرامہ ہو گا، یہ الیکشن 2008اور 2013سے مختلف نہیں ہوں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بے گناہوں کے خون کا حساب بشکل قصاص ہمارے ایمان کا حصہ بن چکا ہے۔

تازہ ترین