اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی متنازع نہیں ہے، یہ لوگ متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، میاں صاحب خود ہی اپنی باتوں میں جکڑ چکے ہیں، ڈوریاں نہیں ہل رہیں یہ خود ہی ہل رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پر بھی کرپشن کے الزامات ہیں، میری پیش گوئی ہے کہ اگر جائیں گے تو دونوں ہی جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے اس وقت اہم معاملہ مسلم ممالک کا اتحاد ہے، قطر پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے جس نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔
خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ قطر نے مشکل وقت میں میاں صاحب کو خط بھی دے دیا، لیکن میاں صاحب اتنے گھبرائے ہوئےہیں کہ کچھ کر بھی نہیں پارہے،سعودی عرب بھی ناراض اور قطر بھی ناراض ہے۔
سکھر میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے نجی اسپتال میں زیر علاج ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے ’جیو نیوز‘ کے نمائندے چوہدری ارشاد کی عیادت بھی کی۔
نجی اسپتال میں زیر علاج چوہدری ارشاد سے عیادت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے ان کی خیریت معلوم کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر خورشید شاہ نے ڈاکٹر سے بھی معلومات حاصل کیں اور انہیں ضروری ہدایات جاری کیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دفتر کے اسائنمنٹ پر جاتے ہوئے بندر روڈ دعا چوک پر کار کی ٹکر سے چوہدری ارشاد زخمی ہوگئے تھے جن کی سیدھی ٹانگ اور بائیں بازو پر شدید چوٹیں آئیں،چوہدری ارشاد نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔