ملتان،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نمائندگان) ملتان سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سےموسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا،بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے،شارٹ فال 8500میگاواٹ تک پہنچ گیا، دادو میں لو لگنے سے2افراد جاں بحق ہو گئے،تفصیل کے مطابق ملتان شہر میں ہفتہ کی سہ پہرہونے والی بارش کےباعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔ میسکوگرڈ سٹیشن کے بوہڑ گیٹ فیڈر سے بجلی کی فراہمی اڑھائی گھنٹے سے زائد بند رہی۔ شہر میں ٹرانسفارمرز کی خرابی اور میٹر جلنےکی انفرادی شکایات بھی سامنے آئیں ۔ میپکو ترجمان کے مطابق کوئی بڑا بریک ڈاؤن نہیں آیا۔ دوسری طرف بجلی کی بڑھتی ہو ئی لوڈشیڈنگ نے روزہ دار معتکفین کو بھی پریشان کر کے رکھ دیا ہے جس کی وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا ہے، مساجد و مدارس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ میپکو حکام اعتکاف کے ایام میں کم از کم لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کر دے ۔ چوک میتلا گرڈ سٹیشن میں فنی خرابی سے ٹھٹھہ صادق آباد،ٹبہ سلطان پور،چوک میتلا،دوکوٹہ، دنیا پور ،قطب پورسمیت متعدد علاقوں میں 10گھنٹوں تک مسلسل بجلی سپلائی معطل ہوگئی،میپکو ملتان کے کی جانب سے گھنٹوں کاوشوں کے بعد بجلی بحال کردی گئی،جہانیاں سٹی ون، رحیم شاہ، علی شیر وائین، حاجن شیر، فیڈر کو بجلی کی فراہمی صبح 10بجے سےسہ پہر 4بجے تک مسلسل بند رکھی گئی ، بجلی کی مسلسل بندش سے گھروں مساجد میں پانی ختم ہو گیا، روزہ داروں کا شدید گرمی میں براحال ہو گیا، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف اہل علاقہ چیئرمین یونین کونسل طارق ایوب، مشتاق احمد، وحید سردار سندھو، رفیق احمد، نزیر احمد رضا خان نے شدید احتجاج کیا ۔ڈیرہ غازی خان میں دو روز کی شدید گرمی اور حبس کے بعد شہر اور گرد نواح میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ، بازاروں میں رونق دیکھنے میں آئی ۔ لاہور میں موسلا دھار بارش سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن درہم برہم ہوگیا۔3پروازوں کو لینڈنگ میں دشواری کاسامنا رہا۔ تینوں پروازیں موسم بہتر ہونے تک ساہیوال کی فضائی حدود میں چکرلگاتیں رہیں،جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب راولپنڈی اسلام آباد میں باران رحمت ہوئی ، کراچی میں بھی رات گئے بوندا باندی ہوئی۔راولپنڈی اسلام آباد میں صبح کے وقت تیز بارش ہوئی ، شیخوپورہ ، حافظ آباد ، ڈسکہ ، کھاریاں اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ، پنجاب ، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواوں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔علاوہ ازیں ملک بھر میں طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے، مرمت کے نام اور ٹیکنیکل لوڈ مینجمنٹ کے تحت بھی بجلی کی بندش کاسلسلہ شروع کر دیاگیا، دیہی علاقوں کے ساتھ بڑے شہروں کے کئی علاقوں میں بھی سحر وافطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ جاری رہا، دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ کر18گھنٹے تک پہنچ گیا۔دوسری جانب این ٹی ڈی سی کے مطابق بجلی کی طلب 22490میگاواٹ جبکہ پیداوار 14980میگاواٹ رہی، طلب و رسد میں7510 میگاواٹ کافرق ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا حکومتی ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں پڑنے والی شدید گرمی کے باعث بجلی کاشارٹ فال ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 8 ہزار پانچ سو میگاواٹ تک پہنچنے کاانکشاف ہواہے جبکہ بجلی کی طلب ریکارڈ 26 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی جو کبھی بھی 23 ہزار میگاواٹ سے زیادہ نہیں رہی۔علاوہ ازیں دادو میں لو لگنے سے ڈی ایس پی سی آئی اے سہراب خان جمالی جاں بحق ہو گئے جبکہ گاوںشیر محمد سولنگی میں12سالہ فرزانہ زندگی ہار گئی۔۔