• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، عیدالفطر قریب آتے ہی تجارتی مراکز کی رونقیں دوبالا، لوگ اپنی پسند کی اشیاء پر ٹوٹ پڑے

سکھر (بیورو رپورٹ) عیدالفطر قریب آتے ہی سکھر کے تجارتی مراکز میں عید کی رونقیں امڈ آئیں، اہم کاروباری علاقوں میں خریداروں کا رش لگا رہتا ہے، سکھر اور گرد و نواح کے علاقوں میں رمضان المبارک کے ہر گزرتے دن کے ساتھ ہی عید کی تیاریاں زور پکڑتی جارہی ہیں۔ عید الفطر نزدیک آنے کے ساتھ ہی سکھر کے اہم کاروباری علاقوں گھنٹہ گھر چوک، مہران مرکز، شہید گنج، صرافہ بازار، شاہی بازار، غریب آباد، مشن روڈ، نیم کی چاڑی، باغ حیات علی شاہ، نشتر روڈ، ریشم گلی، پان منڈی و دیگر میں کاروباری سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں اور بازاروں و مارکیٹوں میں عید کی رونقیں امڈ آئی ہیں۔ صبح سے لیکر رات  گئے تک خریداروں کا رش نظر آرہا ہے، شہر و بیرون شہر سے آنیوالے افراد بالخصوص خواتین و بچوں کی بڑی تعداد کاروباری علاقوں میں مطلوبہ اشیاء کی خریداری میں مصروف ہے۔ خواتین کی جانب سے تیار شدہ ملبوسات، آرٹیفیشل جیولری، کاسمیٹکس کا سامان، جوتیاں، ہینڈ بیگ ودیگر سامان کی خریداری کی جارہی ہے۔ شہری علاقوں کے ساتھ بیرون شہر سے خریداروں کی بڑی تعداد بھی عید الفطر کی خریداری کے لئے سکھر پہنچ رہی ہے، ہول سیل مارکیٹوں میں بھی کاروباری سرگرمیوں میں انتہائی تیزی دیکھنے میں آرہی ہیں، روزانہ کروڑوں روپے کا سامان اندرون سندھ کے مختلف چھوٹے وبڑے شہروں کے بیوپاری خرید کر لے جارہے ہیں اور ہول سیل مارکیٹیں بھی رات دیر گئے تک کھلی ہوئی ہیں۔ دوسری جانب چوڑیاں فروخت کرنیوالوں کا کاروبار بھی چمک اٹھا، ملبوسات سے میچنگ والی چوڑیوں کی خریداری کے لئے خواتین کا دکانوں پر تانتا بندھ گیا۔ شہر کے مختلف کاروباری علاقوں میں واقع چوڑی کی دکانوں سے خواتین کی بڑی تعداد اپنے ملبوسات کی میچنگ والی چوڑیوں کی خریداری میں مصروف ہیں۔ سکھر کے اہم کاروباری علاقوں میں درجنوں چوڑیوں کی دکانیں ہیں جہاں پر صبح سے لیکر شام گئے تک چوڑیوں کی خریداری کے لئے آنیوالی خواتین کا ہجوم موجود رہتا ہے۔ سکھر کے تاجروں کی جانب سے زیادہ تر حیدرآباد اور کراچی سے چوڑیاں منگوائی جاتی ہیں، عام چوڑی کی قیمت 60سے 80روپے فی درجن جبکہ اچھی والی چوڑی کی قیمت 100روپے سے لیکر 200روپے فی درجن تک فروخت کی جارہی ہے، دکانداروں کے پاس چوڑیوں کی مختلف اقسام موجود ہیں اور خواتین اپنے لباس کے رنگ کی مناسبت سے چوڑیاں خرید رہی ہیں۔ چوڑیوں کا کاروبار کرنیوالے دکانداروں نے عید کے موقع پر چوڑیوں کی خریداری میں خواتین کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے نت نئے ڈیزائن اور مختلف اقسام کی چوڑیاں منگواکر اسٹاک کی ہوئی ہیں جبکہ مختلف تجارتی مراکز میں دکانداروں نے اضافی اسٹال بھی قائم کردیے ہیں کیونکہ جیسے جیسے عید نزدیک آتی جائیگی ویسے ویسے ہی چوڑیوں کی خریداری کرنیوالی خواتین کا رش بھی بڑھتا جائیگا، اس لئے دکانداروں نے پہلے ہی اضافی اسٹال لگاکر انتظامات کرلیے ہیں تاکہ کاروبار کو اچھے انداز سے جاری رکھا جاسکے جبکہ متعدد دکانداروں کی جانب سے خواتین کو اپنی دکانوں کی جانب متوجہ کرنے کے لئے دکانوں کے باہر ہی اسٹال قائم کردیے ہیں اور رنگ برنگی چوڑیاں دکانوں کے باہر لٹکادی ہے۔ چوڑیوں کا کاروبار کرنیوالے دکانداروں اعجاز، افتخار، نعمان، خرم علی و دیگر کا کہنا ہے خواتین کی پسند کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے بھی حیدرآباد و کراچی سے نئے ڈیزائن کی مختلف اقسام کی چوڑیاں منگوائی ہیں، خواتین ایسی چوڑیاں خریدنے کو ترجیح دیتی ہے جو کہ ان کے ملبوسات کے ساتھ میچ ہوں، اس لئے ہم نے مختلف رنگوں اور اقسام کی چوڑیاں منگواکر اسٹاک کی ہوئی ہے، ویسے تو چوڑیاں پورا سال ہی فروخت ہوتی ہے لیکن عیدالفطر کے موقع پر ہمارا سیزن ہوتا ہے، ہزاروں خواتین چوڑیاں خریدنے کے لئے آتی ہے، عید سے چند دن قبل تو ہم لوگ سارا دن اور ساری رات دکانیں کھلی رکھتے ہیں۔
تازہ ترین