• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سمیت دیگر شہروں میں طوفان بادوباراں نے تباہی مچادی

ملتان ( سٹاف رپورٹر ،نمائندگان)ملتان سمیت دیگر شہروں میں طوفان بادوباراں نے تباہی مچادی ،ایک بچی سمیت 2 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے ،جبکہ میپکو ریجن کے 426 فیڈر ٹرپ کر گئے ،مبارک پور ،سرائے سدھو ، دائرہ دین پناہ ،ڈیرہ غازیخان ،شہر سلطان،تونسہ شریف ،جہانیاں ،شاہ جمال ،لیہ ،روہیلانوالی ،کوٹ ادو ،میر ہزار خان ،عبدالحکیم ،سکندر آباد ،چشتیاں ،یزمان سمیت کئی شہروں میں تیز آندھی ،اور طوفانی بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہو گیا وہاں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ، ٹیلی فون ایکسچینج کے کھمبے وٹرانسفارمر گرنے سے مواصلات کا نظام بھی اپ سیٹ ہو کر رہ گیا،درخت ، سائن بورڈ سمیت چیزیں گر نے سے املاک کا نقصان پہنچا، اہم شاہراہوں پر بارشی پانی نے ندی نالوں کی شکل اختیار کر لی،تیز آندھی نے دکانوں و سڑکوں ،چوراہوں پر لگے بڑے بڑے سائن بورڈ ،درخت ،سولر پلیٹیں اور دیواریں اکھاڑکر زمین بوس کردیں،علاوہ ازیںملتان شہر، نواحی علاقوں اور جنوبی پنجاب میں طوفانی بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ آندھی اور بارش کےباعث درجنوں فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔ میپکو ریجن میں 426 فیڈرز ٹرپ ہونے سے نظام زندگی معطل ہو گیا۔ خطے کےکئی اضلاع میں مکینوں اور رہائشیوں نے اندھیرے میں افطاری کی۔ میپکو کےچیف ایگزیکٹو آفیسر نے طوفانی بارش کےبعد ایمرجنسی نافذ کردی اور تمام آپریشنل افسروں ، لائن سٹاف کو ڈیوٹی پر طلب کرلیا اور ہنگامی طور بجلی کی مجالی کےلئے اقدامات کا آغاز کردیا۔ ملتان شہر اور نواحی علاقوں کو بجلی فراہم کرنے والے 160 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔ جن کی اکثریت افطار کے وقت تک بحال نہیں کی جاسکی تھی بھارت ، بنگال اور مقبوضہ کشمیر سے آنے والے سسٹم کی وجہ سے ملتان سمیت ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں طوفانی بارش ہوئی ، پری مون کی دوسری بارش نے ملتا ن سمیت جنوبی پنجاب کا موسم انتہائی خوشگوار کردیا ۔ بارش سے پہلے ملتان میں 98کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی آندھی چلی اور طوفان نے دن میں رات کرکے شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کردیں دیہی علاقوں میں آندھی کی رفتار 119کلومیٹر بتائی گئی ہے ملتان میں ائیر پورٹ پر شام 7 بجے تک 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ بارش کے دوران بھی 98 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی نے سائن بورڈ، درخت اور ہورڈنگز گرا دئیے، نہروں شاہراوں پر درجنوں درخت، بجلی کے پول گرنے سے معمولات بری طرح متاثر ہوئے ہیں محکمہ انہار کی طرف سے ملتان میں طوفانی بارش کے باعث نہروں میں پانی کی سپلائی کم کردی گئی اور فیلڈ سٹاف کو نہروں کے کناروں پر نظر اور مانیٹرنگ کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں نواب پور، خانیوال، جھنگ، مظفر گڑھ کے علاقوں میں آم کے باغات بری طرح متاثر ہوئے ہیں ہزاروں من آم کا پھل آندھی کے باعث زمین پر گرنے سے تباہ ہو گیا ہے ، چوک کمہاراں والا اور بہاولپور بائی پاس پر 2تشہیری بورڈ بھی آندھی کے باعث زمین بوس ہو گئے ، بارش سے شہر کے تمام علاقے پانی میں ڈوب گئے اور سٹرکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں ، میپکو کی طرف سے برقی رو معطل کرنے کی وجہ سے ڈسپوزل اسٹیشن بند ہو گئے اور پانی کی نکاسی بروقت نہ ہوسکی۔ آندھی کی وجہ سے رمضان اور عید بازار کے شامیانے اور ٹینٹ اڑ گئے اور تمام سامان درہم برہم ہو کر رہ گیا محکمہ موسمیات نے آج اور کل شدید بارش کی وارننگ جاری کردی ہے۔ علاوہ ازیں ملتان سمیت دیگر شہروں میں اگلے چند روز تک تیزہوائوں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے،دوسری طرف تیز آندھی ،بارش سے درخت، چھتیں گرنے اور آسمانی بجلی گرنے سے تونسہ میں بزدار کے علاقے میں مراد مائی،ڈیرہ غازیخان میں بھٹہ کالونی کے رہائشی محمد یوسف کی ڈیڑھ سالہ بیٹی ہلاک جبکہ ،مبارکپور میں تیرہ سالہ بچہ نوید احمد،جہانیاں میں 4 افراد،لیہ اورسرائے سدھو میں متعد د افراد زخمی ہو گئے
تازہ ترین