• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ، میونسپل انتظامیہ صفائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام

سکھر (بیورو رپورٹ) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام ہوگئے، گٹروں و نالیوں کی صفائی کے لئے خطیر رقم کا ٹھیکہ دینے کے باوجود سیوریج کا تباہ حال نظام بہتر نہ ہوسکا، گنجان آبادی والے علاقوں میں گندگی و کچرے کے انبار لگے ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے یونین کمیٹیز کے چیئرمین نے ٹھیکیدار کو کلیئرنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کردیا۔ عیدالفطرکے قریب آنے کے باوجود میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے گنجان آبادی والے علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال اور اہم ترین کاروباری مراکز میں سیوریج کے تباہ حال نظام کو بہتر بنانے کے لئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہ کیے جانے کے انتہائی منفی اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے شہر کو سرسبز و صاف ستھرا بنانے کے لئے کلین اینڈ گرین سٹی مہم شروع کی گئی تھی جو کہ ابتدائی مراحل میں بھی ناکامی سے دوچار ہوگئی ہے اور اب عیدالفطر  کے قریب آنے کے باوجود صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے پلان تشکیل نہیں دیا جاسکا، ذرائع سے معلوم ہواہے کہ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں میں گٹروں و نالیوں کا صاف کرنے کیلئے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹھیکیدار کو 60لاکھ روپے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے، جسے گٹر و نالیاں صاف کرکے مختلف علاقوں میں جمع گند وکچرے کے ڈھیر ٹھکانے لگانے تھے مگر حیرت انگیز طور پر ٹھیکیدار کی جانب سے شہر کے کسی بھی علاقے میں کوئی کام نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب شہر و بیرون شہر سے خریدارکی بڑی تعداد مختلف سامان کی خریداری کے لئے سکھر پہنچ رہی ہے تاہم گٹر و نالیاں بند ہونے سے سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع رہنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ورکشاپ روڈ، تیر چوک، غریب آباد، ڈھک روڈ، ملٹری روڈ، گھنٹہ گھر چوک، مہران مرکز، شہید گنج، پان منڈی، نشتر روڈ، مارچ بازار، میڈیسن مارکیٹ، لیاقت چوک، اناج بازار سمیت دیگر اہم ترین کاروباری مراکز میں سیوریج کا نظام تباہ حال ہے اور گٹر و نالیاں بند ہونے کے باعث کاروباری علاقے سیوریج کے پانی میں ڈوبے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور خریداری کے لئے آنیوالے افراد بالخصوص خواتین وبچوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر عید کی آمد سے قبل صفائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔
تازہ ترین