باغ (نمائندہ جنگ) چیئرمین پیپلزیوتھ ونگ سردار ضیاء القمر نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید عظیم لیڈر تھیں انہوں نے شہید زوالفقار علی بھٹو کے سیاسی افکار ونظریات کو پھیلایاہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نوجوانوں کو منظم کریں گے تاکہ یہ نوجوان شہید بے نظیر بھٹو کے پیغام کو آگے لے کر چلیں،بینظیر کی قربانی کے باعث ملک میں جمہوریت بحال ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بے نظیر بھٹو شہید کی64 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب سے سردار عبدالمجید ،سید کامران گردیزی،زاہد جبار عباسی،چوہدری حق نواز،سید فاروق شاہ،خالد مغل،سید ضمیر شاہ،اور دیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی جان تو قربان کر دی لیکن آمر کے سامنے سر نہیں جھکایا آج اگر پاکستان میں جمہوریت کا بول بالا ہے تو وہ شہید بے نظیر بھٹو شہید کی وجہ سے ہے۔